حیدرآباد 18 اگست ( سیاست نیوز) سائبر آباد کی پہاڑی شریف اور سی سی ایس راجندر نگر پولیس نے 8 رکنی بین ریاستی صندل اسمگلنگ کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 25 کیلو صندل کی لکڑی اور نقد رقم برآمد کرلی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد زون مسٹر رمیش نائیڈو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شاہین نگر علاقہ میں واقع ایک مکان میں غیر قانونی طور پر صندل کی لکڑی موجود ہونے کی اطلاع پر وہاں پر اچانک دھاوا کیا گیا جہاں سے 8 افراد کو حراست میںلے لیا گیا۔ پولیس نے دھاوے کے دوران 25 کیلو صندل کی لکڑی اور 3 لاکھ 80 ہزار روپئے نقد رقم ضبط کرلی ہے ۔ حراست میںلئے گئے افراد سے تفتیش کئے جانے پر یہ انکشاف ہوا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 60 سالہ عبداللہ کنچی ساکن ایڈیکمیٹ ودیا نگر ہے اور وہ اپنے دیگر پارٹنرس جینت گوڑ ،عبداللہ ،چنا سرینواس ،لال احمد ، کے انجیاء اور ایم کرشنا کی مدد سے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے سے کم دام پر صندل کی لکڑی حاصل کرنے کے بعد اسے دہلی ،ممبئی کو غیر قانونی طور پر منتقل کرتے ہوئے اسے دوگنے دام میں فروخت کررہا تھا جس کے سبب حکومت کے خزانہ پر بھاری نقصان ہورہا تھا ۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔ اس ٹولی کی گرفتاری میں سی سی ایس راجندر نگر کے انسپکٹر مسٹر نرسمہا ریڈی ،انسپکٹر پہاڑی شریف مسٹر بھاسکر ریڈی نے اہم رول ادا کیا ۔