لندن۔26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال کی عالمی تنظیم نے اپنی روایتی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے سیزن کے سب سے کامیاب اور ریکارڈ ساز فٹبالر محمد صلاح کو مکمل طور پر نظرانداز کردیا ہے جس پر فٹبال ماہرین نے بھی حیرت کا اظہار کیا ہے۔محمد صلاح نے گزشتہ سیزن میں لیور پول میں اپنے پہلے سیزن کے 52 میچوں میں44گول اسکور کئے تھے۔ انہوں نے سیزن کے ٹاپ اسکورراورکئی ریکارڈ قائم کرنے والے فٹبالرکا اعزاز حاصل کیا ۔ ان کی کارکردگی کی وجہ سے لیور پول نے چمپیئنز لیگ کا فائنل کھیلا جبکہ ان کی قومی ٹیم مصر نے ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کی۔ محمد صلاح سال کے بہترین فٹبالر کے طور پر فیفا ایوارڈ کے سب سے مضبوط امیدوار بھی تھے جہاں انہیں کروشیا کے لوکا موڈرچ نے پیچھے چھوڑا تاہم اپنے خطاب میں کروشیائی فٹبالر نے محمد صلاح کی کھل کر تعریف کی۔ تقریب کے دوران ہی فیفا کی روایتی ٹیم کا اعلان بھی ہوتا ہے جس میں دنیا بھر کے معروف کھلاڑیوں میں سے منتخب کردہ فٹبالرزشامل ہوتے ہیں۔ فیفا کی اس ٹیم میں سے محمد صلاح کا نام غائب ہے اور کوئی وجہ بھی کسی کو سمجھ نہیں آرہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیزن کے بہترین گول کا ایوارڈ بھی محمد صلاح کو ملا لیکن اس ٹیم میں ان کی جگہ پھر بھی نہ بن سکی۔