لندن۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش پرییئر لیگ کے کلب لیورپول کلب نے مصر کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح سے نیا پانچ سالہ معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت وہ 2023 سیزن کے آخر تک کلب کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔26 سالہ فٹبالر نے گزشتہ برس 34 ملین پاؤنڈ کے عوض روما سے لیورپول کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہوں نے کلب کی طرف سے 52 میچز میں 44 گولز کیے۔انہوں نے گزشتہ سال انگلش پریمیئر لیگ میں 32 گول کیے تھے تو 38میچوں کی لیگ میں سب سے زیادہ گولوں کا ریکارڈ تھا اور انہوں نے گولڈن بوٹ جیتا تھا۔رواں سال بیلن ڈی اور کے لیے رئیل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو کے سب سے بڑے حریف تصور کیے جانے والے صلاح نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت لیورپول کو چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچایا۔لیور پول مینجر جرگن کلوپ نے اپنے بیان میں کہا کہ صلاح کا کلب پر اور کلب کا صلاح پر اعتماد ہی سب کچھ ہے، امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی کارکردگی سے کلب کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔محمد صلاح نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میں نے کلب کے ساتھ نیا معاہدہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلب کے ساتھ میرا اور میرے اہلخانہ کا پہلے سال بہت اچھا تجربہ رہا، میں لیورپول میں موجود تمام افراد اور مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔