اسکندریہ ۔19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر محمد صلاح نے اپنی قومی ٹیم کو فیصلہ کن گول کے ذریعے افریقن کپ آف نیشنز کے آخری کوالیفائنگ میچ میں کامیابی دلا دی جبکہ 2۔ 3 سے کامیابی کے نتیجے میں مصری ٹیم نے ٹورنمنٹ میں تیونس کیصدفیصد فتوحات کا ریکارڈ بھی توڑدیا۔ دونوں ٹیمیں اس میچ سے پہلے ہی اپنے بر اعظم کے سب سے بڑے ٹورنمنٹ کیلئے کوالیفائی کر چکی تھیں۔ محمدصلاح اس وقت ٹیم کی مدد کو آئے جب میچ 2-2گول سے برابر تھا تاہم انگلش کلب لیور پول میںکامیابیوں اورریکارڈکی نئی تاریخ رقم کرنے والے محمد صلاح نے فیصلہ کن گول کرکے مصر کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔گزشتہ ہفتے تیونسی کلب نے مصری کلب الاہلی کو افریقن چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں شکست دی تھی جس کے بعد مقامی شائقین اس میچ کے ذریعے اس ناکامی کا بدلہ لینے کے خواہشمند تھے اورصلاح نے انہیں مایوس نہیں کیا۔ کوالیفائنگ ٹورنمنٹ کے دیگر میچوں میں مراقش نے کیمرون کو 0-2 سے شکست دے دی۔