صلاح ورلڈ کپ تک فٹ ہوں گے:کوچ

قاہرہ۔8 جون(سیاست ڈاٹ کام) مصر کی فٹبال ٹیم کے کوچ ہیکٹر کپر نے کہا ہے کہ اسٹار کھلاڑی محمد صلاح فیفا ورلڈ کپ تک فٹ ہو سکتے ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم صرف اس امید پر انحصار نہیں کر سکتے۔ چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں زخمی ہونے والے صلاح ان دنوں بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور ان کی فٹنس مصری ٹیم کیلئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔کوچ نے کہا کہ محمد صلاح کا معاملہ اپنی جگہ لیکن مصری ٹیم کو ان کے بغیر بھی کھیلنے اور جیتنے کی راہ تلاش کرنی ہوگی۔ہم صرف صلاح پر انحصار نہیں کر سکتے اور نہ ہی کرنا چاہتے ہیں۔مجھے یقین ہے کہ صلاح پوری طرح فٹ ہو جائیں گے لیکن کوئی بھی مقابلہ کبھی کسی ایک کھلاڑی کے بل پر نہیں جیتا جاسکتا کیونکہ ہم ٹیم گیم کھیل رہے ہیں۔ ہیکٹر کے بموجب یہ سب کچھ کھیل کا حصہ ہے اور کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ رونما ہو سکتا ہے اس لئے زیادہ پریشانی کی ضرورت نہیں۔