صرف پریوار ‘ کوئی جنتا نہیں ۔ بی جے پی کا تبصرہ

نئی دہلی 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج جنتا پریوار پر شدید تنقید کی ہے اور کہا کہ یہ ایک ناکام خیال ہے ۔پارٹی نے کہا کہ ان جماعتوں کا اتحاد صرف پریواروں کا اتحاد ہے اور اس میں جنتا کا کوئی رول نہیں ہے ۔ بی جے پی کے قومی سکریٹری شریکانت شرما نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنتا پریوار ایک ناکام خیال ہے ۔ ان جماعتوں نے ہمیشہ غریبوں اور کسانوں کو گمراہ کیا ہے اور اب وہ مایوسی کی حالت میں اتحاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جماعتوںمیں صرف پریوار ( خاندان ) ہیں اور کوئی جنتا نہیں ہے ۔ جنتا نے چھوت چھات کی سیاست کرنے پر ان جماعتوں کو ترک کردیا ہے ۔ یہ جماعتیں غریبوں کی مخالف جماعتیں ہیں۔ انہوں نے ان جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ یہ سب ملک کی ترقی کی راہ میں حائل ہو رہی ہیں اور متحد ہوکر اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتی ہیں۔