نئی دہلی ، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ’’نریندر مودی ، برسراقتدار پارٹی کے خلاف جھوٹ باتیں کہتے ہوئے اقتدار تک پہنچے اور اب یہی دروغ گوئی پر پھلنے پھولنے کے متمنی ہیں‘‘ کانگریس نے آج یہ الزام عائد کیا اور وزیراعظم کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ وہ ’اچھے دن‘ لے آئے ہیں۔ کانگریس ترجمان ’سندیش‘ کے تازہ شمارہ کے اداریہ میں کہا گیا: ’’پہلے سال کی تکمیل پر عوام سمجھ گئے ہیں کہ ’اچھے دن‘ مودی اور بی جے پی کیلئے ہیں، یہ ملک تو کبھی ذہن میں تھا ہی نہیں‘‘۔ کانگریس نے مودی کو یاددہانی کرائی کہ یہ خط اعتماد ’’غیرمعینہ مدت‘‘ کیلئے نہیں۔ اس کی مقررہ میعاد ہے اور وقت تیزی سے گزرتا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں اداریہ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس حکومت کی ’’بڑی ناکامیوں‘‘ میں سے یہ ہے کہ کلیدی عہدے بدستور غیرمعینہ مدتوں سے مخلوعہ ہیں، جو ’’شاید تمام وزارتوں پر پی ایم او کے حد سے زائد کنٹرول کے سبب ہے‘‘۔