صرف مرد کھلاڑیوں کو ہی ارجن ایوارڈ کیوں : بمبم دیوی

نئی دہلی۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ فٹبال مقابلے کھیلنے والی اونم بمبم دیوی نے انہیں تین مرتبہ ارجن ایوارڈ کیلئے نظرانداز کرنے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر استفسار کیا ہے کہ صرف مرد کھلاڑیوں کو ہی ایوارڈ سے کیوں نوازا جاتا ہے حالانکہ فیفا کی درجہ بندی میں خاتون ٹیم بہتر مقام پر فائز ہے۔ ہندوستانی فٹبال ٹیم کی سابق کپتان دیوی جو کہ گزشتہ برس بین الاقوامی فٹبال کھیلوں سے سبکدوش ہوئی ہیں، انہوں نے دو دہوں تک ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے علاوہ 85 بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی ہے۔ 2014ء تا 2016ء تین مرتبہ ارجن ایوارڈ کیلئے نامزدگی داخل کرنے کے باوجود انہیں اس اعزاز سے نوازا نہیں گیا ہے۔ دیوی جنہوں نے 1995ء میں اس وقت بین الاقوامی کریر کا آغاز کیا تھا، جب وہ صرف 15 برس کی تھیں۔ علاوہ ازیں شیلانگ میں ساؤتھ ایشین گیمس میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا اور انہیں ہندوستان کی ایک بہترین فٹبالر کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی باصلاحیت کھلاڑی مانا جاتا ہے۔ میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے 36 سالہ دیوی نے کہا کہ میں 2014ء سے ارجن ایوارڈ کیلئے مسلسل اپنی درخواست دے رہی ہوں لیکن مجھے ایوارڈ سے نوازا نہیں گیا ہے۔ اب تک جن 24 ہندوستانی کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، ان میں 23 مرد کھلاڑی ہیں جبکہ واحد خاتون کھلاڑی سابق ہندوستانی بنگالی فٹبال کھلاڑی شانتی مولک کو دیا گیا تھا اور یہ 1983ء کا واقعہ ہے۔