ممبئی 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اپنی سابق حلیف بی جے پی کو خود غرض قرار دیتے ہوئے شیوسینا نے آج بی جے پی پر تازہ تنقید کی اور کہاکہ شیوسینا کو ریاست کے ثقافتی پہلوؤں کے بارے میں فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ صرف شیوسینا ہی ایسا کرسکتی ہے۔ انحراف کرنے والوں کو اِس کا کوئی حق نہیں۔ شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ کے ایک اداریہ میں تحریر کیا گیا ہے کہ مہاراشٹرا کے عوام اِس بات کو یقینی بنائیں گے کہ شیوسینا برسر اقتدار آئے، تاریخ ، ثقافت اور مہاراشٹرا کے عوام کی عزت نفس کے بارے میں فیصلے کرنے کا حق صرف شیوسینا کو ہے۔ اُمید ظاہر کی گئی ہے کہ آج کی شستر پوجا عوام کے لئے ایک وجہ تحریک بن جائے گی۔ شستر پوجا نوراتری تقاریب کے نویں دن بطور مہانومی منعقد کی جاتی ہے اور شستر (ہتھیار) کی پوجا کی جاتی ہے۔ شیوسینا نے کہاکہ پارٹی نے اپنی زندگیوں کی قربانی دی ہے۔ مہاراشٹرا کے لئے اپنا خون دیا ہے اِس لئے صرف شیوسینا ہی عوام کے فائدہ کے فیصلے کرسکتی ہے۔ ہتھیار اُس وقت اچھے معلوم نہیں ہوتے جب وہ بھگوڑوں کے ہاتھ میں ہوں (وہ بالواسطہ طور پر بی جے پی کا حوالہ دے رہے تھے) اُنھوں نے مزید کہاکہ دسہرہ ریاست میں سچی بھگوا لہر کا نقطۂ آغاز ثابت ہوگا۔