اسلام آباد ۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر چین ژی جنگ پنگ توقع ہیکہ آئندہ سال فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یاد رہیکہ قبل ازیں مسٹر پنگ ماہ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنے والے تھے لیکن حکومت مخالف مظاہرے اس وقت شدت اختیار کرچکے تھے جس کے بعد صدر چین کو بھی اپنا دورہ ملتوی کرنا پڑا تھا۔ اعلیٰ سطحی عہدیداروں کے مطابق چین کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ آف دی کمیٹی آف دی کمیونسٹ پارٹی کے نائب وزیر شین فنگ ژنگ کی قیادت میں ایک وفد نے پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ صدر چین کے متوقع دورہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ سینئر سرکاری عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ہی ممالک کو یہ توقعات ہیں کہ صدر چین آئندہ سال فروری میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ صدر چین حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی کے صدر بھی ہیں۔ انہوں نے ماہ ستمبر میں پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکومت مخالف شدید احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا دورہ ملتوی کردیا تھا۔ احتجاج کی قیادت عمران خان عالم دین مولانا طاہر القادری کررہے تھے جو 2013ء کے انتخابات میں نواز شریف کی جانب سے مبینہ دھاندلیوں کی بنیاد پر ان کا استعفیٰ طلب کررہے تھے۔ توقع ہیکہ صدر چین کے دورہ کے موقع پر دونوں ممالک کے دوران پاک ۔ چین معاشی راہداری پراجکٹ پر بھی دو رخی بات چیت ہوگی جس میں کروڑہا ڈالرس کے مصارف ہوں گے۔