حسن آباد۔/25جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ نگر پنچایت حسن آباد سے وابستہ کونسلروں نے برسر خدمت صدر نگر پنچایت مسٹر سدالہ چندریا کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو پیش کرنے و علم بغاوت بلند کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ اس ضمن میں جملہ 18کے منجملہ 10 کونسلرس جن میں 6 ٹی آر ایس ،2 تلگودیشم، ایک سی پی آئی، ایک آزاد کونسلر بھی شامل ہے حیدرآباد پہنچ کر مقامی رکن اسمبلی وی ستیش کمار سے ملاقات کرتے ہوئے صدر کے خلاف شکایت کی نیز تحریک عدم اعتماد کی پیشکشی کے لئے اجازت حاصل کرلی ہے۔ٹی آر ایس سے وابستہ باغی کونسلر سید صابر نے بتایا کہ ٹی آر ایس سے وابستہ 13 کونسلروں کے منجملہ 9 کونسلرس صدر نگر پنچایت سدالہ چندریا کے آمرانہ سلوک سے بیزار ہوکر ناراض ہیں۔25 جولائی کو کمشنر نگر پنچایت راجا ملیا سے ملکر تمام 15 ارکان تحریری طور پر تحریک عدم اعتماد پیش کریں گے جس پر خصوصی اجلاس و بحث کے لئے تاریخ کا ضلع کلکٹر سدی پیٹ پی وینکٹ رام ریڈی قطعی فیصلہ کریں گے۔
چنور اقامتی اسکول کا معائنہ
چنور۔/25 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چنور اقلیتی اقامتی اسکول کا آج جناب طاہر الدین آر ایل سی نے اچانک دورہ کیا، ان کے ہمراہ سیول انجینئر محسن فاروقی حیدرآباد بھی شامل تھے۔ اقامتی اسکول چنور میں آتے ہی تمام مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے کلاس رومس جاکر طلبہ سے بات چیت کرکے انہیں دستیاب سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔ اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ طلبہ کو معیاری تعلیم سے آراستہ کریں۔ عادل آباد ضلع کوآپشن میر سید صادق علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کے سی آر کے ممنون و مشکور ہیں ۔ انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکولس کو اس طرح کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ ان کے ساتھ اسکول پرنسپل کے وی ایم پرکاش بھی شامل تھے۔ آر ایل سی عادل آباد طاہر الدین نے اظہار اطمینان کیا۔