نارائن پیٹ /2 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) انچارج کمشنر بلدیہ نارائن پیٹ مسٹر گنگادھر نے آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ سرکاری اعلامیہ کے مطابق کل 3 جولائی کو صدرنشین بلدیہ و نائب صدرنشین بلدیہ کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ جس کی نگرانی اسپیشل آفیسر بلدیہ و انچارج آر ڈی او نارائن پیٹ مسٹر وینوگوپال کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان عہدوں کے انتخابات کیلئے 3 جولائی کو کونسل ہال بلدیہ میں 11 بجے دن اراکین بلدیہ کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ جس کیلئے تمام ضروری تیاری کرلی گئی ہیں۔ نارائن پیٹ مجلس بلدیہ کی 23 رکنی کونسل میں 12 بی جے پی 3 کانگریس 3 تلگودیشم 2 ٹی آر ایس 2 مجلس اور ایک آماد رکن ہے ۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ بلدیہ کے اعزازی رکن ہیں۔ ان کے علاوہ رکن پارلیمنٹ محبوب نگر مسٹر اے پی جتیندر ریڈی بھی ضلع کی کسی بھی بلدیہ میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ بی جے پی نے اپنے امیدوار صدرنشین کیلئے شریمتی انسویا چندرکانت کا نام تقریباً طئے کرلیا ہے ۔ جبکہ نائب صدرنشین کیلئے مسٹر نندو ناموجی ایڈوکیٹ کا نام کو قطعیت دی ہے ۔ حزب اختلاف کی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کو قطعیت نہیں دی ہے ۔