نارائن پیٹ 14 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ نارائن پیٹ کی صدارت کیلئے جیسے جیسے انتخاب کی تاریخ قریب آرہی ہے اس باوقار عہدہ کیلئے زبردست رسہ کشی شروع ہوگئی ہے۔ بلدیہ نارائن پیٹ کی 23 رکنی کونسل میں بی جے پی کو 12 کاگنریس کو 3 تلگودیشم کو 3 ٹی آر ایس کو 2 ، ایم آئی ایم کو 2 جبکہ آزاد کو ایک نشست حاصل ہوئی۔ 23 کے منجملہ 12 نشستوں پر بی جے پی قبضہ کر کے صدر نشین کے عہدہ کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ نارائن پیٹ بلدیہ کی صدارت بی سی خاتون کیلئے مختص ہے لیکن صدر نشین کے عہدہ کیلئے کسی ایک کا انتخاب بی جے پی کے لئے درد سر بنا ہوا ہے کیونکہ بی جے پی کے 12 ارکان میں بی سی خاتون ارکان کی تعداد 8 ہے جس میں تین اس باوقار عہدہ کیلئے زور آزمائی کررہی ہیں جس سے بی جے پی میں پھوٹ کے آثار نمایاں نظر آرہے ہیں۔ اس دوڑ میںشریمتی انسویا ،وارڈ نمبر 3 کی کونسلر ہیں شریمتی گوتمی وارڈ نمبر 11 اور شریمتی کلا وارڈ نمبر 15 سے نمائندگی کرتی ہیں اور تینوں بی جے پی کے سینئر و سرکردہ قائدین کے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے صدر نشین بلدیہ نارائن پیٹ کے عہدہ کیلئے کسی ایک امیدوار کو قطعیت دینا انتہائی مشکل مسئلہ بنا ہوا ہے ۔ اس سلسلے میں ریاستی قائدین بھی مداخلت کر کے مسئلہ کو سلجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ صدر نشین کے علاوہ تین دعویداروں میں سے کسی کی بھی محرومی سے بغاوت کا اندیشہ ہے ۔ بی جے پی کی کسی ایک رکن کی بغاوت سے وہ کونسل میں اقلیت میں آجائے گی اور حسب اختلاف کی تمام جماعتیں اور آزاد امیدوار متحدہ طور پر اپنے صدر کا انتخاب کریںگے اب آنیو الاو قت ہی بتائے گا کہ بلدیہ نارائن پیٹ کی صدارت کا باوقار عہدہ کس پارٹی اور امیدوار کے حق میںآتا ہے ۔