جگتیال /14 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی کمیٹی صدر ملت اسلامیہ جگتیال کے انتخابات کیلئے نئے الیکشن کمشنر کی حیثیت سے محمد عظیم الدین راہی کو متفقہ طور پر نامزد کیا گیا جبکہ صدر ملت کی دو سالہ معیاد کی تکمیل اور بہترین خدمات پر صدر محمد ریاض خان اور عیدگاہ کمیٹی صدر سید جمیل کی مجلس شوری کی جانب سے گلپوشی اور تہنیت پیش کی گئی ۔ شپر جگتیال میں ملت اسلامیہ کے انتخابات کو لیکر چند دنوں سے پائے جانے والی بے چینی کو دور کرتے ہوئے صدر ملت اسلامیہ نے نئے الیکشن کمشنر کا انتخاب عمل میں لایا جو دستور امارات ملت اسلامیہ جگتیال مرتب 1989 کے مطابق نائب صدر ملت اسلامیہ و صدر جامع مسجد جناب بسم اللہ خان کی نگرانی میں جلد از جلد انتخابات کروائیں گے اور جناب ریاض خان کارگذار کی حیثیت سے انتخابات تک اپنی خدمات انجام دیں گے اور عیدالضحی کے انتظامات بھی اپنی ذمہ داری میں انجام دیں گے ۔ واضح رہے کہ مرکزی کمیٹی ملت اسلامیہ کے انتخابات دو سال قبل یعنی 13 ستمبر 2013 کو مسلمانوں کے ووٹ کے ذریعہ عمل میں آئے تھے ۔ اس طریقہ کار کو بدلتے ہوئے شرعی طریقہ سے مجلس شوری کے ذریعہ انتخابات کیلئے دستور امارات ملت اسلامیہ میں ترمیم کرتے ہوئے الیکشن کروانے کیلئے غور کیا جارہا تھا چند وجوہات کی بناء حسب روایات سابقہ طریقہ سے الیکشن کیلئے مختلف گوشوں سے آواز اٹھنے پر سابقہ طریقہ سے ہی الیکشن طئے کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر صدر ملت اسلامیہ نے وضاحت کی کہ انتخابات سے میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا ۔ شرعی طریقہ سے مسلمانوں کے صدر کی انتخابات کی تجاویز پر ہی غور کیا گیا ۔ اس موقع پر مجلس شوری کے اراکین اور صدر جامع مسجد بسم اللہ خان اور دیگر نے نئے الیکشن کمشنر عظیم الدین راہی کو مبارکباد پیش کی ۔