صدر مصر عبدالفتاح السیسی کا دورۂ متحدہ عرب امارات

دبئی۔ 18؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ صدر مصر عبدالفتاح السیسی اپنے پہلے سرکاری دورہ پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔ عالمِ عرب کے سب سے گنجان آباد ملک کا صدر منتخب ہونے کے بعد یہ ان کا اولین دورہ ہے۔ امارات کے سرکاری خبر رساں ادارہ ’وام‘ نے کہا کہ السیسی دارالحکومت ابوظہبی کل دیر گئے پہنچے اور ابوظہبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زائد النہیان سے ملاقات کی۔ ان کا دورہ متحدہ عرب امارات کی بھرپور تائید کی عکاسی کرتا ہے۔ سابق صدر مصر محمد مرسی کو فوجی بغاوت میں اقتدار سے بے دخل کرنے کے بعد السیسی برسراقتدار آئے ہیں۔ ان کا دورۂ امارات دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کے اختتام کے موقع پر ہورہا ہے۔ السیسی نے بعد ازاں سربراہ فوج کے عہدہ سے استعفیٰ دے کر صدارتی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔