لندن ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر سپ بلاٹر نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں شروع ہونے والی مجرمانہ بے ضابطگیوں کی تفتیش کے باوجود وہ اپنے عہدے سے الگ نہیں ہوں گے کیونکہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مائیکل پلاٹینی کو دی گئی 15 لاکھ پاؤنڈز کی رقم جائز معاوضہ تھا اور کچھ نہیں۔ اس بارے میں پلاٹینی کہتے ہیں کہ انہیں 1999ء سے 2002ء کے دوران یہ رقم بلاٹر کے تکنیکی مشیر کے طور پر کام کرنے کے عوض دی گئی تھی اور اسے غیر ضروری طور پر ناجائز کے زمرے میں ڈالا جا رہا ہے۔
’’رونالڈو‘‘ کے ٹریلر نے پہلے ہی دن انٹر نٹ پر دھوم مچادی
میڈرڈ ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پرتگال کے فٹبال اسٹار کر سٹیانو رونالڈو پرمبنی نئی فلم کا ٹریلر انٹرنٹ پر جاری کر دیا گیا، جس نے ایک ہی دن میں دھوم مچا دی۔رواں سال کے آخر میں ریلیز ہونے والی فلم’’رونالڈو‘‘ میں سوپر اسٹار فٹبالر کے بچپن سے آج تک کے سفر کا احاطہ کیا گیا ہے۔ 14 مہینوں میں بننے والی اس فلم کے ٹریلر میں رونالڈو ازراہ مذاق کہتے پائے گئے کہ وہ کم از کم جنوری2016 تک دنیا کے بہترین کھلاڑی رہیں گے۔ رونالڈو کی زندگی پر پہلے بھی فلمیں بن چکی ہیں لیکن ’’رونالڈو‘‘ کی صورت میں فٹبال اسٹارنے پہلی بار خود پر فلم بنانے کی باقاعدہ اجازت دی ہے۔