صدر جنوبی کوریا کا مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت

نئی دہلی 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے صدر مون جئی اِن اور ان کی شریک حیات کم جونگ سوک نے مہاتما گاندھی کو آج ان کی سمادی راج گھاٹ پہونچ کر خراج عقیدت ادا کیا۔ صدر مون اپنے پہلے سرکاری دورہ ہند پر اتوار کو یہاں پہونچے تھے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ گزشتہ روز انھوں نے نوئیڈا میں جنوبی کوریا کے ایک سرکردہ ٹیکنالوجی ادارہ سائمسنگ کی موبائیل بنانے والی کمپنی کا افتتاح کیا تھا۔ 1,29,000 مربع میٹر پر محیط یہ دنیا کی سب سے بڑی موبائیل فونس بنانے والی کمپنی ہوگی۔ راج گھاٹ پر حاضری کے بعد دورہ کنندہ صدر اور ان کی شریک حیات کا راشٹرپتی بھون میں روایتی انداز میں خیرمقدم کیا گیا۔