صدر ترکی اردوغان کے ہاتھوں مسجدکا افتتاح

کولون ( جرمنی ) 30ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے جرمنی کے شہر کولون میں یورپ کی سب سے بڑی مسجدوں میں سے شمار ہونے والی مسجد کی رونمائی کر کے اپنے دورے کا اختتام کیا۔اس موقع پر ترکی کے صدر نے کہا کہ یہ مسجد امن کی نشانی ہے اور ساتھ ساتھ انھوں نے جرمن حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے مختلف حلقوں کی جانب سے دباؤ اور مظاہروں کے باوجود اس مسجد کی تعمیر جاری رکھی۔کولون شہر کی مرکزی مسجد کو ترکی سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان مذہبی گروپ نے تعمیر کیا ہے۔

جرمنی فتح اللہ گولن کی تحریک کالعدم کردے : صدر ترکی
برلن ۔30ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترک صدر رجب طیب اردغان نے مطالبہ کیا ہے کہ جرمنی جلاوطن ترک مبلغ فتح اللہ گولن کی تحریک کو ’دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے۔ طیب اردغان نے یہ بات دورہ جرمنی کے آغازکے موقع پر کہی۔ جرمن اخبار فرانکفرٹر الگیمائنے کے لیے تحریر کردہ ایک مضمون میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے۔دوسری جانب جرمن حکومت کا موقف ہے کہ گولن تحریک کو دہشت گرد قرار دینے ترکی مزید شواہد اور ثبوت مہیا کرے۔ ترکی میں 2016ء میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد وہاں کریک ڈاؤن پر جرمن حکومت تحفظات کا اظہار کرتی ہے۔