صدر تاملناڈو کانگریس کمیٹی ایلن گون مستعفی

چینائی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) تاملناڈو کانگریس کمیٹی کے صدر EVKS ایلن گون نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے ناقص مظاہرہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے آج استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ ایلن گون کے بااعتماد رفیق شیوا رامن نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ انتخابی نتائج انتہائی مایوس کن تھے جس کے پیش نظر صدر پردیش کانگریس سے 15 جون کو اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ایلن گون نے اگرچیکہ اپنا استعفیٰ دہلی میں پارٹی سربراہ کے حوالے کردیا ہے لیکن پارٹی ہائی کمان نے ہنوز منظور نہیں کیا ہے۔ گزشتہ ماہ اسمبلی چناؤ میں ڈی ایم کے سے مفاہمت کرکے 41 نشستوں پر کانگریس نے مقابلہ کیا لیکن پارٹی کو صرف 8 حلقوں میں کامیابی ملی۔