دمشق۔ 4 اکٹوبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) صدر شام بشارالاسد نے دمشق کی ایک مسجد میں عیدالاضحی کی نماز کی ادائیگی کیلئے عرصہ دراز کے بعد کسی عوامی اجتماع میں اپنی جھلک دکھائی ۔ سرکاری میڈیا اور صدر کے سرکاری ٹوئیٹر پر بشارالاسد کی تصاویر اپ لوڈ کی گئی ہیں جن میں انھیں علمائے دین اور اُن کے سرکاری رفقاء کے ساتھ نماز کی ادائیگی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ سرکاری نیوز ایجنسی ثناء کے مطابق صدر بشارالارسد نے دمشق کی نعمان بن بشیر نامی مسجد میں نماز عیدالاضحی ادا کی جہاں مفتی اعظم عدنان آفیونی نے اپنے خطبہ کے دوران بشارالاسد کے خلاف 2011 ء میں شروع کی گئی بغاوت کی پشت پناہی کرنے والی بین الاقوامی برادری کی مذمت کی ۔