صدر اور نائب صدر کا عہدہ سیاسی شخص کو ہی دیا جائے: پرنب مکرجی

نئی دہلی۔ 14؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ کا عہدہ سیاستدانوں کے سوا کسی دوسرے شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں کو نہیں دیا جانا چاہئے۔ موجودہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے یہ احساس ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ مقننہ چیمبرس میں پریسائیڈنگ آفیسرس کا رول جس طرح ہوتا ہے، صدر جمہوریہ کے عہدہ کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہئے، کیونکہ ان میں سیاسی فیصلوں اور نازک صورتِ حال میں توازن برقرار رکھنے کی مطلوبہ صلاحیت نہیں ہوتی۔ صدر جمہوریہ نے اپنی کتاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ہے جس کی حال ہی اجرائی عمل میں آئی۔ اب تک ایس رادھا کرشنن اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام دو ایسے صدر گزرے ہیں جن کا سیاسی کریر نہیں تھا۔ اسی طرح بنا سیاسی پس منظر کی حامل ایس رادھا کرشنن، جی ایس پاٹھک اور جسٹس ایم ہدایت اللہ نائب صدر رہ چکے ہیں۔ پرنب مکرجی نے ان حالات کا تذکرہ کیا جب کانگریس پارٹی اور اندرا گاندھی 1980ء میں اقتدار پر واپس آئے، لیکن راجیہ سبھا میں اکثریت حاصل نہیں تھی۔ اس پس منظر میں حکومت یہ چاہتی تھی کہ بعض اسمبلیوں کی تحلیل کے لئے بِل کو ایوان بالا میں شکست نہ ہو۔ انھیں راجیہ سبھا میں کامیابی کا یقین تھا، لیکن وہ چاہتے تھے کہ اپوزیشن کے دباؤ میں نہ آئیں۔ انھیں صدرنشین (ایم ہدایت اللہ) پسند نہیں تھے۔