صدر ازبکستان شوکت مرز یوف کا آج سے دورہ ہند، تاج محل کا دیدار ، راشٹرپتی بھون میں استقبالیہ

نئی دہلی، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف اتوار کے دن ہندوستان کے دو روزہ دورے پر آئیں گے ۔ اس دوران دونوں ممالک اسٹریٹیجک شراکت داری کو توسیع دیتے ہوئے زراعت، سیاحت، صحت، فارما سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مقصد سے کئی اہم معاہدے پر دستخط کریں گے ۔مسٹر مرجیوف کے ساتھ ان کی اہلیہ زریوت شوکت بھی آرہی ہیں۔ وہ اتوار کو سب سے پہلے آگرہ جائیں گے اور تاج محل کے دیدارکے بعد دوپہر دہلی لوٹیں گے ۔ اگلے روز پیر کے دن راشٹرپتی بھون میں ان کو رسمی طور پر استقبالیہ دیا جائے گا۔ اسی دن وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ حیدرآباد ہاؤس میں ان کی دوطرفہ بات چیت ہوگی۔اس دوران دونوں ممالک کے درمیان سیاسی شراکت داری کو مضبوط کرنے ، خصوصی طور سے افغانستان میں قیام امن کے مسئلے پر بھی اہم بات چیت ہونے کی امید ہے ۔میٹنگ میں ازبکستان کی جانب سے افغانستان کے راستے ایران تک ریلوے لائن بچھانے کے لئے ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی تجویز بھی ہے ۔ افغانستان کے مزارشریف سے تہران تک تقریبا 452 کلومیٹر کی ریلوے لائن بچھانے کی زیر التوا تجویز ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ دوطرفہ مذاکرات میں جن معاہدوں پر دستخط ہونے کی امید ہے ان میں زراعت کے شعبے میں مشترکہ کلسٹر لگانے ، زراعت کی پیداوار ، بیج ، سینچائی، حیاتیاتی تکنالوجی اور اداروں میں تعاون اور وکیلوں اور ازبک حکومت کے محکمہ انصاف کے افسران کی تربیت کے تعلق سے بھی ایک معاہدہ کیا جائے گا۔سیاحت اور دواؤں کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کے تعلق سے بھی معاہدے ہونے کی امید ہے ۔ ایک معاہدہ ازبکستان کے اندیجان علاقے میں ازبک۔ ہندوستان فری فارما فیلڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ صحت اور طبی سائنس کے شعبے میں بھی تعاون کا ایک معاہدہ کیا جائے گا