صدرنشین یو ایس جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی عراق آمد

بغداد ۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی افواج کے اعلیٰ سطحی آفیسر کی ایک ایسے وقت عراق آمد ہوئی ہے جب عراقی افواج اب تک کے اپنے اعظم ترین آپریشن میں دولت اسلامیہ گروپ کے جہادیوں سے نمٹنے میں مصروف ہے۔ یو ایس جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے صدرنشین جنرل مارٹن ڈیمپسی فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ کے ذریعہ یہاں پہنچے جہاں وہ اعلیٰ سطحی عراقی عہدیداروں سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے اتوار کو خلیج میں فرانس کے طیارہ بردار جہاز چارلیس ڈیگال کے دورہ کے دوران انہوں نے دولت اسلامیہ سے لڑائی کے لئے حکمت عملی اور صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عراقی افواج کی تربیت اور بغداد حکومت کی سنی عوام کے ساتھ مصالحت کے لئے آمادگی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ ڈیمپسی نے البتہ یہ بھی واضح کردیا کہ فضائی حملوں میں اضافہ کرنے سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہوگا اور اسے اہم متبادل کے طور پر بھی استعمال نہیں کرسکتے۔