دو ماہ سے جاری تجسس کا خاتمہ، عوام کے وسیع تر مفاد میں فیصلہ: انسویا چندر کانت
نارائنپیٹ ۔/5جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر نشین بلدیہ نارائن پیٹ شریمتی انسویا چندرکانت جو بی جے پی سے وابستہ تھیں دو ماہ کے تجسس کے بعد بالآخر عوام کے وسیع تر مفاد اور نارائن پیٹ ٹاؤن کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے آج ایم ایل اے کیمپ آفس میں رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی و دیگر ٹی آر ایس پارٹی قائدین کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مسٹر ایس راجندر ریڈی نے انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے پارٹی میں خیر مقدم کیا اور انہیں شال اڑھاتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر ایس راجندر ریڈی نے کہا کہ صدرنشین بلدیہ شریمتی انسویا چندرکانت نارائن پیٹ ٹاؤن کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے فکرمند تھیں۔30سال سے پچھڑے اس شہر کو جو ریاست تلنگانہ اور کرناٹک کی سرحد پر واقع ہے۔ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وہ برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی سے وابستہ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ شہر میں قدیم بلدیہ موجودہے لیکن پچھلی حکومتیں ہمیشہ اس کو نظرانداز کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کیلئے ریاستی حکومت کوشاں ہیں اسی طرح نارائن پیٹ کو بھی اس سے مستفید کرنے کیلئے عوام کے وسیع تر مفاد میں صدر نشین بلدیہ نے ریاستی حکومت سے مفاہمت کرلی ہے جس کا میں خیرمقدم کرتا ہوں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مسٹر کے ٹی آر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے نارائن پیٹ کی ترقی کیلئے 12کروڑ روپئے سڑکوں کی تعمیر اور ڈرینوں کی تعمیر کیلئے فوری اثر کے ساتھ رقمی منظوری دی ہے۔ مسٹر کے ٹی آر 15جون کو نارائن پیٹ کا دورہ کریں گے اور مشن بھگیرتا کے کاموں کا افتتاح انجام دیں گے۔ اس موقع پر ایک جلسہ عام کو بھی مخاطب کریں گے اور نارائن پیٹ کی ترقی کے لئے کئی ایک رقمی منظوریوں کا اعلان بھی کریں گے۔ اس تقریب میں مسرز گندے چندرکانت، ڈاکٹر نرسمہا ریڈی، بنڈی وینو، عبدالرحمن، امیر الدین ایڈوکیٹ، سری پد، اظہر الدین، محمود انصاری، مارتی وجئے سائی، راجوردھن ریڈی، ہری نارائن بھٹاڈ، نواز موسی و دیگر موجود تھے۔
منچریال میں کلکٹریٹ کی تعمیر کیلئے
اراضی کا سروے
منچریال۔/5جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نو تشکیل شدہ ضلع منچریال میں ضلع کلکٹریٹ آفس کی تعمیر کیلئے ضلع کلکٹر منچریال مسٹر ار وی کرنن نے منچریال کے اطراف و اکناف سرکاری اراضی کا معائنہ کیا۔ اس خصوص میں وہ آر ڈی او منچریال مسٹر پرتاپ کمار کے ساتھ مل کر سروے نمبر 42 میں موجود 10ایکڑ منچریال سے متتصلہ لسنہور میں موجود سرکاری اراضی ، گدے راگڑی میں سروے نمبر 167 میں 9 ایکڑ اراضی، سرکاری صنعتی تربیتی ادارہ ( آئی ٹی آئی ) میں موجود سروے نمبر 269 میں9 ایکڑ اراضی، اور مندامری منڈل کے دیہات تما پور سروے نمبر 428 میں موجود 10ایکڑ اراضی کا شخصی طور پر معائنہ کیا ونیز لنسہور میں موجود سرکاری اراضی میں ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اراضی واپس حاصل کرنے کے احکام دیئے اور کہا کہ از سر نو اراضی کا سروے کرتے ہوئے جدید نقشہ جات تیار کرتے ہوئے انہیں روانہ کرنے کی سرویئر اور پیمائش اراضی عہدیداروں کو برسر موقع ہدایت دی۔ اس پروگرم میں تحصیلدار منچریال مسٹر سدانندم، تحصیلدار لنسہور مسٹر کمار سوامی، گرداوری مسرز انیتا کے علاوہ پیمائش اراضی عہدیداروں نے شرکت کی۔