تحریک کی قیادت کرنے والی جماعت مجلس اور بی جے پی کے ارکان اجلاس سے غیر حاضر
بودھن۔/25جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس پارٹی کے چیرمین بلدیہ بودھن مسٹر ایلیا کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کورم کی کمی کے باعث ناکام ہوگئی۔ تحریک کی قیادت کرنے والی جماعت مجلس و بی جے پی آج کے خصوصی اجلاس سے غیر حاضر رہے، فلور لیڈر کانگریس پارٹی عابد سیٹھ نے مجلس اور بی جے پی بودھن کی عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا، کانگریس پارٹی کے ارکان عابد سیٹھ، سید رفیع الدین رفاعی اور دامودھر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کے چار سالہ دور حکومت میں بودھن شہر میں کوئی بھی قابل ذکر ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے گئے۔ انہوں نے مجلس و بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ جماعتوں کے ارکان بلدیہ نے کانگریس پارٹی سے ٹی آر ایس کے صدر نشین بلدیہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے اور کونسل کی باقی بچی ہوئی ایک سال میعاد کے دوران شہر میں ترقیاتی کام انجام دینے کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس اور بی جے پی نے ٹی آر ایس کے چار ارکان بلدیہ کو بھی پارٹی سے بغاوت کرنے کی ترغیب دے کر جملہ 34 رکنی کونسل میں سے 19 ارکان بلدیہ کے دستخط حاصل کرکے کانگریس سے رجوع ہوئے اور کانگریس پارٹی کے 10 ارکان بلدیہ نے عوامی مفاد کی خاطر تحریک عدم اعتماد کی تائید کا اعلان کیا تھا لیکن مجلس کی قیادت و بی جے پی نے ٹی آر ایس اعلیٰ کمان سے ساز باز کرتے ہوئے اپنے ارکان بلدیہ کو تحریک عدم اعتماد سے دستبردار کرنے اجلاس سے غائب کردیا، سب کلکٹر بودھن انوراگ جینتی کے زیر نگرانی منعقدہ بلدیہ کے خصوصی اجلاس میں 34 کونسلر کے منجملہ صرف کانگریس کے سات ارکان بلدیہ نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایک خاتون رکن اجلاس کے باہر کار میں بیٹھی نظر آئیں جن کے پیر میں تکلیف ہونے کی اطلاع ہے۔ وقت مقررہ کے اندر کورم کی عدم تکمیل کی وجہ سے اسپیشل آفیسر بلدیہ انوراگ جینتی نے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردینے کا اعلان کیا۔