صدرجمہوریہ اور وزیراعظم کا اندرا گاندھی کو خراج عقیدت

نئی دہلی 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی ،وزیر اعظم منموہن سنگھ اور یو پی اے کی صدر نشین سونیا گاندھی نے آج سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کی 96 ویں یوم پیدائش تقریب کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے میں قوم کی قیادت کی ۔ قائدین نے اندرا گاندھی کی یادگار شکتی استھل پر جو دریائے جمنا کے کنارے واقع ہے اور مہاتما گاندھی کی سمادھی راجگھاٹ سے بہت قریب ہے ،پھول مالائیں چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا ۔ نائب صدر جمہوریہ ہند محمد حامد انصاری اور نائب صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی نے بھی آنجہانی اندراگاندھی کی یادگار پر پہنچ انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اسپیکر لوک سبھا میرا کمار بھی آنجہانی قائد کو پارلیمنٹ میں ہندوستان کی خاتون آہن قرار دیتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اندرا گاندھی 19 نومبر 1917 کو پیدا ہوئی تھیں اور ہندوستان کی اولین خاتون وزیر اعظم تھی ۔
ممبئی حملوں کی برسی :15000 طلباء انسداد دہشت گردی کا حلف لیں گے
ممبئی 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ممبئی حملوں کی پانچویں برسی کے موقع پر 24 نومبر کو اسکول اور کالج کے زائد از 15000 طلباء کو ایک بڑی تقریب میں انسداد ہشت گردی کا حلف دلایا جائے گا ۔ آل انڈیا اینٹی ٹیررسٹ فرنٹ (AIATF) کی جانب سے اس تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا عنوان ’’ذرا یاد کرو قربانی ‘‘ ہے ۔ AIATF سربراہ ایم ایس بٹا نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پُر اثر تقریب میں بالی ووڈ ایکٹرس اکشے کمار ،ابھیشک بچن اور سنیل شیٹی بھی شرکت کریں گے جبکہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا تمام مشہور ہستیاں طلبا کو دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھنے کا حلف دلائیں گی تا کہ ان کے ذہنوں میں یہ بات ہمیشہ تازہ رہے کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک رکھنا ہے ۔ تقریب کے مقام تک مارچ کا آغاز 26/11 کے شہید تکارام اومبلے کے مجسمہ سے شروع کیا جائے گا جو جنوبی ممبئی میں واقع ہے جبکہ اس مارچ میں شہید پولیس اہلکار کے ارکان خاندان بھی شریک ہوں گے ۔ ایم ایس بٹا جو انڈین یوتھ کانگریس کے سابق سربراہ بھی ہیں ، نے ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے موجودہ بگڑتے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 26/11 اور دیگر دہشت گرد حملوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا ۔انہوں نے گجرات میں سکیوریٹی انتظامات کو بہترین قرار دیا اور سیاسی پارٹیوں سے استدعا کی کہ دہشت گرد حملوں پر سیاست نہ کریں کیونکہ ان حملوں میں ہلاک ہونے والے عام آدمی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قتل کے باوجود ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ دہشت گرد حملوں پر گندی سیاست نہ کرتے ہوئے ہمیں اس کی بنچ کنی کے لئے موثر اقدامات کریں ۔ ہر سال کوئی نہ کوئی دہشت گردانہ واقعہ رونما ہوگا تو کیا ہم ہر سال کسی نہ کسی دہشت گردانہ واقعہ کی برسی ہی مناتے رہیں گے ؟!
کشتی الٹنے سے پانچ افراد کے ہلاک ہونے کا اندیشہ
لکھنو 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )بہرائچ کے دریائے سریو میں ایک کشتی الٹنے سے کم و بیش پانچ افراد ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے ۔ SHO نانپاڑہ منوج سنگھ نے فون پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ ضلع بہرائچ میں واقع نانپاڑہ کے ٹاکیا گھاٹ پر پیش آیا ۔ گذشتہ شب اس کشتی پر 15 افراد سوار تھے جو حادثہ کا شکار ہوکر الٹ گئی ۔ 15 کے منجملہ 10 افراد تیرتے ہوئے کنارے تک پہنچ گئے جبکہ پانچ افراد ہنوز لاپتہ ہیں جن کے غرقاب ہونے کا اندیشہ پایا جاتا ہے جنہیں تلاش کیا جارہا ہے ۔