چینائی۔/27جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) تاملناڈو پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر EVKS الینگوان کی جاری کردہ وجہ نمائی نوٹس کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کیرتی چدمبرم نے کہا کہ یہ اختیار صرف آل انڈیا کانگریس کمیٹی تادیبی کارروائی کمیٹی کو حاصل ہے۔سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے فرزند کیرتی چدمبرم کو اپنے حامیوں کے اجلاس میں پارٹی اور اعلیٰ قیادت پر مبینہ ریمارکس کی پاداش میں 23جنوری کو نوٹس وجہ نمائی جاری کی گئی تھی جنہوں نے عمداً G-67 کا حوالہ دیا جس کے معنی سال 1967ہے اور اس سال ٹاملناڈو میں کانگریس اقتدار سے محروم ہوگئی تھی۔ انہوں نے کانگریس کے انتخابی سفر کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی بصیرت کی ستائش کی تھی اور کہا کہ مودی کی قیادت میں پارٹی کامیابی کی سمت گامزن ہے تاہم نوٹس وجہ نمائی میں صدر پردیش کانگریس نے بتایا کہ کیرتی چدمبرم نے پارٹی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ریاست میں کانگریس کی نشوونما پر بیجا تبصرے کئے ہیں اور اندرون ایک ہفتہ نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت دی تھی بصورت دیگر پارٹی سے خارج کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے تاہم نوٹس پر رد عمل ظاہر کرنے کیلئے مسٹر کیرتی چدمبرم نے کہا کہ وہ آل انڈیاکانگریس کمیٹی کے رکن ہیں اور ان کے ریمارکس پر صرف مرکزی تادیبی کارروائی کمیٹی ہی جواب طلب کرنے کی مجاز ہے۔