صحت عامہ کیلئے صاف ستھرا ماحول ضروری

سرپورٹاؤن۔/11جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر کے جیوتی نگر اور دوبہ گوڑا کالونی میں جمعہ کے روز سرپور ٹاؤن سرکاری جونیر کالج طلباء کی جانب سے این ایس ایس (NSS) پروگرام کا میجر گرام پنچایت سرپنچ سید خضر حسین کے ہاتھوں آغاز عمل میں آیا۔ اس این ایس ایس پروگرام میں حصہ لینے والوں میں این ایس ایس کوآرڈینیٹر رامیش، کالج پرنسپل ڈاکٹر سریدھر سومن، لکچررس محمد یعقوب، عصمت علی، تروپتی کے علاوہ مقامی لوگ بھی موجود تھے۔اس موقع پر میجر گرام پنچایت سرپنچ سید خضر حسین نے این ایس ایس کیمپ کے ذریعہ کئے جانے والے عوامی تعمیراتی کام اور سڑکوں کی صفائی کے کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میجر گرام پنچایت سرپنچ سید خضر حسین نے کہا کہ صاف صفائی انسان کو تندرست رکھتی ہے اس لئے اپنے گھروں کے اطراف صاف صفائی اور اپنے گاؤں میں صاف ستھرا ماحول رکھنے کی انہوں نے عوام سے اپیل کی تاکہ عوام کے علاوہ چھوٹے چھوٹے بچوں کو خوشگوار ماحول مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ این ایس ایس طالب علموں کی جانب سے گاؤں میں صاف صفائی کا خیال رکھنے کیلئے درختوں کی کٹوائی اور سڑکوں کی مرمت کی جاتی ہے تاکہ عوام کو یہ سہولت فراہم ہوسکے۔ انہوں نے خْاص طور پر جیوتی نگر اور دوبہ گوڑا کالونی میں ریاستی حکومت اور ای جی ایس اسکیم کے ذریعہ شروع کئے گئے بیت الخلاء اسکیم سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیاگیا اور مستحق افراد کے ہر گھر میں ایک بیت الخلاء کی تعمیراتی کاموں کو انجام دیتے ہوئے سڑکوں کی صفائی کا خیال رکھنے کا عوام کو مشورہ دیا گیا۔ بعد ازاں سرپور ٹاؤن جونیر کالج کے طلباء اور این ایس ایس کی جانب سے سڑکوں کے دونوں بازو درختوں کی کٹوائی کرتے ہوئے پروگرام کا آغاز کیا۔