صحت اور تندرستی میں آم کا اہم کردار

آم بہت ہی صحت مند اور ذائقہ دار پھل ہے بہت سے لوگوں کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں کہ آم کس قدر صحت مند پھل ہے یہاں آم کی افادیت کے بارے میں چند اہم باتوں کاتذکرہ کیا جارہا ہے ، امید ہے کہ اس آم کے موسم میں آپ اس صحت مند اور ذائقہ دار پھل سے بھرپور استفادہ اُٹھانے کی کوشش کریں گے ۔
فولاد سے بھرپور :  آم کا پھل نہ صرف ذائقہ میں لاجواب ہوتا ہے بلکہ اس میں فولاد بھی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ خواتین خاص کر اس سے بہت استفادہ حاصل کر سکتی ہیں۔حاملہ خواتین کو بھی فولاد کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔وہ بھی اس پھل سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکتی ہیں ۔
کیل مہاسوں سے نجات : یہ بات تصدیق سے کہی جاسکتی ہے کہ آم کے ذریعہ آپ اپنے چہرے کے کیل مہاسے وغیرہ سے بھی جان چھڑاسکتے ہیں اس میں آپ کے چہرے پر کھلے ہوئے مساموں کو بند کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے۔جو لوگ کیل مہاسوں کے مسائل سے دو چار ہوںانہیں چاہئے کہ وہ آم کے باریک باریک ٹکڑے کاٹ کر متاثرہ جگہ پر لگائیں۔
آم آپ کی طبیعت میں سکون پیدا کرتا ہے : آم کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ آپ کی طبیعت میں سکون اور ٹھہراؤ بھی پیدا کرتا ہے ۔ یہ آپ کے جسم کیلئے بہت سے طریقوں سے کارآمد ثابت ہوتا ہے ۔  آم ہر لحاظ سے آپ کی صحت اور تندرستی کیلئے ایک انتہائی کارآمد پھل ہے ۔