اکریڈیشن کارڈس کی اجرائی میں تاخیر پر تشویش ‘ سنگاریڈی کلکٹر کو یادداشت
سنگاریڈی۔ 26 ؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈسٹرکٹ میڈیا اکریڈیشن کمیٹی ضلع سنگاریڈی کے اراکین ایم اے خالق حسینی ‘ خواجہ معین الدین ‘ محمد عارف ‘ پربھا کر ‘ بالو اور یادگیری پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی ضلع کلکٹر کے مانک راج سے ملاقات کرتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی پر مشتمل ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اردو ‘ تلگو اور انگریزی پرنٹ و الکٹرانک میڈیا نمائندوں کے علاوہ کیبل اور نیوز ایجنسیوں کے صحیفہ نگاروں کو فوری اکریڈیشن کارڈس جاری کریں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او 239 کی شرائط میں تخفیف کرتے ہوئے پیشہ صحافت میں عرصہ دراز سے کارگذار حقیقی صحافیوں کو غیر مشروط طور پر اکریڈیشن کارڈس کی اجرائی عمل میں لائی جائے ۔ حکومت کی جانب سے صحافیوں کو اکریڈیشن کارڈس کی اجرائی میں تاخیر پر صحافی برادران میں تشویش کی لہر پائی جا ری ہے ۔ ضلع کلکٹر بالخصوص ریاستی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ صحافیوں کے جائزہ مسائل کی یکسوئی کرتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کریں ۔ اس کے علاوہ وزیر آئی ٹی کے ٹی راماراؤ اور کمشنر آف انفارمیشن نوین متل کی جانب سے متحدہ ضلع کے بس پاس کی اجرائی کے اعلان کے باوجود محکمہ آر ٹی سی کی جانب سے پاسیس کی عدم اجرائی کا نوٹ لیتے ہوئے فوری متحدہ اضلاع پر مشتمل بس پاسیس جاری کریں ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر ضلع سنگاریڈی شریمتی یا منی بھی موجود تھیں ۔ ضلع کلکٹر سنگاریڈی کے مانک راج نے صحیفہ نگاروں کے مسائل کا بغور سماعت کرتے ہوئے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ضلع کے تمام صحافیوں کو بہت جلد اکریڈیشن کارڈس کی اجرائی کا تیقن دیا ۔