صحافیوں کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کا تیقن

عادل آباد میں تہنیتی تقریب سے ریاستی وزیر جوگو رامنا کا خطاب
عادل آباد /27 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میڈیا نمائندوں کے دیرینہ مسائل کو حل کرتے ہوئے انھیں رہائشی مکانات کے لئے اراضی، فی کس تین لاکھ روپیوں کے صرفہ سے مکانات کی تعمیر، میڈیا کے افراد خاندان کو فی کس دو لاکھ روپیوں کے علاج معالجہ کی سہولت، صحافیوں کو ایکرڈیشن اور تلنگانہ ریاست میں آر ٹی سی کی مفت سہولت فراہم کرنے کا ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا نے جہاں ایک طرف تیقن دیا، وہیں دوسری طرف تلنگانہ کے حصول میں صحافت کی کامیاب جدوجہد پر اظہار مسرت کیا۔ انھوں نے مستقر عادل آباد کے پرنٹ میڈیا پریس کلب میں میڈیا نمائندوں کی جانب سے منعقدہ تہنتی تقریب میں شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کو مثالی ریاست بنانے صحافتی تعاون کو برقرار رکھنا چاہئے۔ قبل ازیں صدر نشین مجلس بلدیہ شریمتی آر منیشا، ٹی این جی اوز صدر اشوک نے اپنے خطاب کے دوران ضلع عادل آباد کے صحافتی برادری سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور صحافتی برادری کے مسائل حل کرنے کا ریاستی وزیر سے مطالبہ کیا۔ پریس کلب صدر مسٹر رمیش نے قبل ازیں اپنے خطاب میں پرنٹ میڈیا کے مسائل سے واقف کراتے ہوئے ان کے حل کا مطالبہ کیا۔ ریاستی وزیر جوگو رامنا کی کابینہ میں شمولیت پر میڈیا نمائندوں کی جانب سے گلپوشی اور شال پوشی کی گئی۔ شریمتی آر منیشا کے علاوہ شہ نشین پر موجود دیگر قائدین کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر تلگو، ہندی، انگریزی اور اردو پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ اس موقع پر اردو بھون صدر جناب سید اظہرالدین بھی موجود تھے۔