صحابہ کرام و امہات المؤمنین رضوان اللہ علیھم اجمعین کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت

شہر کے کشیدہ حالات اور سازشوں کو بند کرنے کا مطالبہ، کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار کو علماء کرام و مشائخین عظام کا ردعمل

حیدرآباد۔19اکٹوبر(سیاست نیوز) امت مسلمہ صحابہ اکرام و امہات المومنین رضوان اللہ علیھم اجمعین کی شان میں گستاخی کو قطعی برداشت نہیں کرسکتے اور اس مسئلہ پر کوئی مفاہمت کی گنجائش نہیں ہے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ علماء اکرام و مشائخین عظام نے کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار کی موجودگی میں حالات کو کشیدہ کرنے کے لئے کی جانے والی ان سازشوں پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے گستاخی کے سلسلہ کو فوری طور پر بند کروانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جو حالات پیدا کئے جا رہے ہیں ان حالات سے نمٹنے کیلئے پولیس کو چوکسی اختیار کرتے ہوئے ان تمام لوگوں کے خلاف کاروائی کرنی چاہئے جو لوگ اصحاب رسول ﷺ کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ سٹی پولیس کی جانب سے کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میںمولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ‘ مولانا سید شاہ قبول بادشاہ قادری شطاری‘ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ‘ مولانا محمد رحیم الدین انصاری‘ مولانا ڈاکٹر سیدمحمود صفی اللہ حسینی قادری‘ مولانا سید اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ قادری‘ مولانا مفتی غیاث رحمانی ‘ مولانا سیدمحمد احمد الحسینی سعیدقادری صدر قادریہ فاؤنڈیشن‘ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان‘ جناب ضیاء الدین نیر‘جناب حافظ مظفر حسین ‘ جناب منیر الدین مختار‘ جناب عمر شفیق‘ مولانا غفار سلامی کے علاوہ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیدار مسٹر وی ستیہ نارائنہ کمشنر پولیس راماگنڈم ‘ مسٹر عنبر کشور جھا ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون ‘ مسٹر کے بابو راؤ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک اور شہر کی دیگر کئی تنظیموں کے ذمہ دار موجود تھے۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے اس موقع پر کمشنر مسٹر انجنی کمار کو 5نکات پر مشتمل یادداشت حوالہ کی۔ کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ شہر میں امن و ضبط کے معاملہ میں کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوششوں کو برداشت کیا جائے گا۔ انہو ںنے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کی طویل تاریخ ہے اوراس میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر موجود تمام علماء اکرام اور مشائخین عظام سے اپیل کی کہ وہ شہر میں برقراری ٔ امن کے لئے دعاء کریں اور عملی طور پر کوشش کو یقینی بنائیں۔ مسٹر انجنی کمار نے گستاخی پر مبنی ویڈیو کے معاملہ میں واضح طور پر کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا لیکن ایک شخص کی حرکت کی سزاء ہزاروں لوگوں کو نہیں دی جاسکتی اسی لئے معاملہ کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے ۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے اپنے خطاب کے دورا ن کہا کہ مسلمانوں کو امن و امان کی برقراری یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کہا کہ امت مسلمہ اصحاب رسول ؐ و ازواج رسول ﷺ کی شان میں کسی قسم کی گستاخی کو برداشت نہیں کرسکتے۔ مولانا محمدرحیم الدین انصاری نے سخت الفاظ میں گستاخیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم جن پر اپنے والدین کو قربان کرنے کیلئے تیار ہیں ان کی شان میں کوئی گستاخی برداشت نہیں کی جاسکتی ۔ مولانا ڈاکٹر سید محمود صفی اللہ حسینی قادری وقار پاشاہ نے امت مسلمہ کے تمام مسالک سے اپیل کی کہ وہ اپنے فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عظمت و ناموس صحابہؓ کیلئے متحد ہوجائیں۔اجلاس کے اختتام کے بعد کمشنر کے بعض الفاظ پر علماء نے ناراضگی کا اظہار کیا ۔بعد ازاں کمشنر پولیس راماگنڈم مسٹر وی ستیہ نارائنہ کی صدارت میں شیعہ برادری کے ذمہ دار علماء و ذاکرین کا ایک اجلاس منعقدہوا جس میں مولانا وحید الدین حیدر جعفری ‘ مولانا تقی رضا عابدی ‘ مولانا سید جعفر حسین خلجی‘ مولانا علی میاں‘ جناب میر فراست علی باقری کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں موجود تھیں۔