صحابہ کرامؓ کی زندگیوں کو آئیڈیل بنانے طلبہ سے خواہش

تعلیمی میدان میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے سے منفرد شناخت ممکن، کورٹلہ میں سیاست کوئسچن بینک کی تقسیم، مقررین کا خطاب

کورٹلہ 23 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ حیدرآباد کے زیراہتمام کورٹلہ کے نونہال ہائی اسکول اُردو میڈیم کورٹلہ میں منعقدہ جلسہ تقسیم کوئسچین بینک تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے مولانا سید مظہر قاسمی ڈسٹرکٹ صدر جمعیۃ العلماء جگتیال نے کہاکہ آج ملت کے نوجوانوں کے پاس وقت کی قدر نہیں ہے جبکہ زندگی کے اوقات ہمارے پاس جو ہیں وہ بہت ہی قیمتی ہیں۔ اگر ہم ان اوقات کا صحیح استعمال کریں گے تو ہم زندگی کے ہر موڑ پر کامیاب و کامران ہوسکتے ہیں۔ ہمارے لئے جو آئیڈیل ہیں وہ صحابہ کرام ہیں، اُن کے بتائے ہوئے باتوں پر چل کر ہم دین و دنیا میں ترقی کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ جو طالب علم تعلیمی میدان میں سخت محنت و مشقت کرتے ہیں وہی طلبہ ترقی کی بلندیوں پر فائز ہوتے ہیں۔ اُنھوں نے طلباء و طالبات سے کہاکہ اُنھیں جو سیاست کوئسچن بینک فراہم کئے جارہے ہیں، اس سے مستفید ہوتے ہوئے ایس ایس سی کے امتحان میں امتیازی نشانات سے کامیابی حاصل کریں۔ جناب محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ و کوآپشن ممبر مجلس بلدیہ کورٹلہ نے اپنی تقریر میں طلبہ سے کہاکہ وہ اپنا خاص مقام اور خاص شناخت بنائیں، یہ تبھی ممکن ہوگا جب ہمارے طلباء و طالبات تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ جب سے مرکز میں بی جے پی اقتدار میں آئی ہے ملک میں مسلمان محفوظ نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مسلمان اسی وقت محفوظ رہیں گے جب مسلمان حکومت کا حصہ بنیں گے اور حکومت کا حصہ بننے کے لئے ہر فرد کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔ اُنھوں نے عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیراہتمام طلباء و طالبات میں سیاست کوئسچن بینک تقسیم کرتے ہوئے طلباء و طالبات کی علمی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتے ہوئے اُن کی رہبری کرنے پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے اظہار تشکر کیا۔ اُنھوں نے جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ کی ملی خدمات کی کافی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ وہ گزشتہ کئی سال سے کورٹلہ کے اُردو میڈیم طلباء و طالبات میں سیاست کوئسچن بینک تقسیم کرواتے ہوئے کورٹلہ کے اُردو میڈیم طلباء و طالبات کی ہمت افزائی کررہے ہیں۔ اُنھوں نے طلباء و طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنے مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیم حاصل کریں۔ اور اپنے مقصد میں کامیابی کے لئے جستجو و لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے ماں باپ اساتذہ اور اپنے شہر کا نام روشن کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ مدرسہ ہذا کے جو بھی طلباء امتیازی کامیابی حاصل کریں گے اُنھیں ایک ہزار روپئے نقد انعام دیا جائے گا۔ جناب محمد محمود علی چیرمین مرکزی اتحاد ملت اسلامیہ ہند جگتیال نے اپنی تقریر میں کہاکہ ترقی کا دار و مدار طلباء و طالبات کی محنت و جستجو پر منحصر ہوتا ہے۔ جو طلباء جس میدان میں محنت کریں گے وہ اپنی منزل تک پہونچیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم کی مثال روشنی کی ہے اور جہالت کی مثال اندھیرے کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مدرسہ ہذا کے جو بھی طالب علم کورٹلہ سطح پر امتیازی نشانات سے کامیابی حاصل کرے گا اُسے 2 ہزار روپئے نقد انعام دیا جائے گا۔ جناب محمد نعیم الدین ناظم جماعت اسلامی ضلع جگتیال نے کہاکہ ہر طالب علم کے اندر صلاحیتیں پوشیدہ ہوتی ہیں۔ اُنھوں نے اساتذہ سے کہاکہ وہ طلباء کے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچانیں اور طلباء کی صلاحیتوں کو اُبھرتے ہوئے اُنھیں ایک اچھا شہری بنانے کی کوشش کریں۔ اُنھوں نے طلباء و طالبات سے کہاکہ وقت کا صحیح استعمال کریں۔ سیل فون میں اپنا وقت برباد نہ کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ امتیازی نشانات سے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو جماعت اسلامی ہند شاخ کورٹلہ کی جانب سے انعامات سے نوازا جائے گا۔ اس تقریب سے جناب الیاس احمد خان امیر مقامی جماعت اسلامی کورٹلہ، جناب محمد نجیب الدین اقلیتی قائد ٹی آر ایس پارٹی کورٹلہ نے بھی مخاطب کیا۔ جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ نے اپنی افتتاحی تقریر میں روزنامہ سیاست کی جانب سے فلاحی و تعلیمی رہنمائی سے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔ اس تقریب میں جناب محمد عبدالرؤف صدر جامع مسجد، جناب ظہیرالدین تاجر، جناب سید سعید این آر آئی نے شرکت کی۔