اچھی صحت اور جسم کے درست وزن کا راز صبح کے متوازن اور پر تغذیہ ناشتے میں پوشیدہ ہے ۔ ماہرین تغذیہ کی رائے ہے کہ ہمارا جسم دن بھر میں جو توانائی اور مقویات مانگتا ہے اس کا پچیس فیصد ہمیں صبح کے ناشتے سے حاصل کرنا چاہئے ۔ لہذا صبح کا ناشتا ایسا ہونا چاہئے جس سے ہمیں تینوں بڑے اور اہم مقویات حاصل ہوسکیں ۔ یعنی کاربوہاائیڈریٹ ، چکنائی اور پروٹین ، چھوٹے مقویات یعنی حیاتین اور معدنیات بھی جسم میں پہونچے ۔ ماؤں کیلئے خصوصی طور پر صبح کے ناشتے کی اہمیت کو سمجھنا بہت ضروری ہے ۔ کیونکہ تغذیہ یا مقویات سے پر ناشتا بچے کی صحت مند بڑھوتری اور نشونما کیلئے لازمی ہے۔ جن بچوں میں تغذیہ کی کمی ہوتی ہے ان کی بڑھوتری سیکھنے سمجھنے کی صلاحیتیں اور سماجی کارکردگی نمایاں طور پر متاثر ہوتی ہے ۔ لیکن جب بچے کی ان جسمانی ضروریات پر توجہ دی جائے اور ان میں تغذیہ کی کمی کو دور کردیا جائے تو وہ سیکھنے سمجھنے پر زیادہ توجہ دینے لگتے ہیں اور اسکول میں ان کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے ۔صبح کا ناشتہ خواہ گھر میں ہو یا اسکول میں اچھی صحت اچھی تعلیم اور اچھے رویہ کا ضامن ہے اور یہ تینوں باتیں اسکول اور پھر زندگی میں کامیابی کا سبب بنتی ہیں ۔