شیو سینا کی تائید سے دستبرداری پر این سی پی بھی مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت کی تائید نہیں کرے گی

ممبئی 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شیو سینا اور بی جے پی کے دہلی انتخابی نتائج کے سلسلہ میں تلخ الفاظ کا تبادلہ ہوا ہے ۔ شرد پوار زیر قیادت این سی پی نے دریں اثناء کہا کہ اگر شیو سینا مہاراشٹرا میں برسر اقتدار اتحاد سے علحدہ ہوتی ہے تو وہ بھی فرنویس حکومت کی تائید نہیں کرے گی۔ پارٹی کے ترجمان نواب ملک نے آج کہا کہ اگر سینا حکومت سے دستبردار ہوجائے تو بی جے پی حکومت اقلیت میں آجائے گی۔ تاہم این سی پی ایسی صورتحال میں اس کی تائید نہیں کرے گی۔ انہوں نے دہلی اسمبلی انتخابی نتائج کو ’’اقتدار کے تکبر‘‘ کی شکست قرار دیا ۔ بی جے پی زیر قیادت مہاراشٹرا حکومت کاشتکاروں اور غریبوں سے کئے ہوئے اپنے وعدوں کی تکمیل سے قاصر رہی ہے ۔ ریاست کے عوام اس حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ اگر شیو سینا دستبردار ہوجائے تو این سی پی شیو سین کی مدد کرے گی تا کہ اس حکومت سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے ۔ این سی پی تازہ انتخابات کا سامنا کرنے تیار ہے ۔ بی جے پی اور شیو سینا کے علی الترتیب 121 اور 63 ارکان اسمبلی ہیں اور مخلوط حکومت کو 288 رکنی اسمبلی میں آرام دہ اکثریت حاصل ہے ۔