نئی دہلی 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا قائد اننت گیتے نے آج بھاری صنعتوں اور عوامی صنعتوں کی وزارت کا جائزہ حاصل کرلیا جبکہ شیوسینا نے کہاکہ کابینہ میں آئندہ ردوبدل کے موقع پر اُنھیں ’’اچھا قلمدان‘‘ دیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ شیوسینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے نے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ بات چیت کی جو اطمینان بخش رہی۔ قلمدان تفویض کرنے کے سلسلہ میں اُنھوں نے کہاکہ جب بھی کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا، اُنھیں اہم وزارت سپرد کی جائے گی۔ اُنھوں نے اِن اطلاعات کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کی، جن کے بموجب بی جے پی کی قدیم ترین حلیف شیوسینا پارٹی کو غیر اہم وزارت دینے کے سلسلہ میں بی جے پی سے ناراض ہوگئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ درست نہیں ہے۔ شیوسینا عوام سے مربوط ہے اور اِس کے صدر اودھو ٹھاکرے توقع رکھتے تھے کہ اُنھیں ایسی وزارت دی جائے گی جس میں اُن کا عوام کے ساتھ ہمیشہ رابطہ رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ آج صبح اودھو ٹھاکرے نے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اِس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت اطمینان بخش تھی۔ آئندہ جب بھی کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا، شیوسینا کو اچھی وزارت حاصل ہوگی۔ شیوسینا کو 18 لوک سبھا نشستیں حاصل ہوئی ہیں اور وہ این ڈی اے کی دوسری سب سے بڑی پارٹی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان اِس مسئلہ پر کشیدگی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ یہ خبر بھی غلط ہے کہ وہ اُن کو غیر اہم قلمدان حاصل ہونے پر ناراض تھے۔