شیوسینا ۔ بی جے پی تعلقات میں کشیدگی

اترپردیش کے 20 حلقوں میں امیدوار نامزد کرنے ادھو ٹھاکرے کی دھمکی
ممبئی ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے اپنی حلیف بی جے پی سے تعلقات میں کشیدگی کا اشارہ کرتے ہوئے آج کہا کہ وہ انتخابی طور پر کلیدی اہمیت کی حامل ریاست اترپردیش میں 20 نشستوں پر مقابلہ کرے گی لیکن بی جے پی نے اس دھمکی کی اہمیت کو گھٹاتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے انتہائی قدیم اور مستحکم تعلقات ہیں جو ناقابل علحدگی ہیں۔ تاہم این ڈی اے کی حلیف شیوسینا کے سربراہ ادھوٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر راجناتھ سنگھ کے خلاف امیدوار نہیں ٹھہرائے جائیں گے۔ یہ دونوں قائدین بالترتیب ورانسی اور لکھنؤ سے مقابلہ کریں گے۔ شیوسینا کی حریف ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے سے مہاراشٹرا بی جے پی کی جانب سے خیرسگالی کے مظاہرہ پر ادھوٹھاکرے چراغ پا ہوگئے ہیں اور اپنے بچھڑے ہوئے چچازاد بھائی راج کی حمایت کرنے والی بی جے پی سے دوری اختیار کرنا چاہتے ہیں۔