شیوسینا کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھلے : فرنویس

ناگپور۔16نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس نے کہا ہے کہ ریاستی کابینہ میں آئندہ ہفتہ توسیع کی جائے گی اور سابق حلیف شیوسینا سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں ۔ مہاراشٹرا اسمبلی کا سرمائی سیشن 8ڈسمبر سے شروع ہورہا ہے ۔ فرنویس نے سرکاری رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی کابینہ میں آئندہ ہفتہ توسیع کی جائے گی ۔ انہوں نے میڈیا کی ان اطلاعات کی تردید کی کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت دو سابق حلیف جماعتوں بی جے پی اور شیوسینا کے مابین تعطل ختم کرنے کیلئے ثالثی کا رول ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کے ساتھ بات چیت سے آر ایس ایس سربراہ کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ شیوسینا کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے ہیں۔ سیاست میں ایسا کبھی نہیں ہوتا اور بات چیت کا امکان برقرار ہے ۔ ممبئی میں مرکزی وزیر اور شیوسینا رکن پارلیمنٹ اننت گیتے نے بھی یہ اشارہ دیا ہے کہ پارٹی انہیں مرکزی کابینہ سے علحدہ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا مرکزی سطح پر بی جے پی سے قطع تعلق کے موڈ میں نہیں ہے ۔