ممبئی 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) باندرہ (ایسٹ) اسمبلی ضمنی انتخابات میں نارائن رانے کی شکست کے بعد لفظی جنگ شروع کرتے ہوئے شیوسینا سربراہ اودھو ٹھاکرے نے کہاکہ انتخابات نے یہ صاف ظاہر کردیا ہے کہ کسی کو بھی اُنسے ٹکر نہیں لینی چاہئے۔ اِس کے جواب میں کانگریس لیڈر نارائن رانے نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اُنھیں اپنے سیاسی کیرئیر کے بارے میں کسی کے مشورہ کی ضرورت نہیں۔ اودھو ٹھاکرے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات نے پھر ایک بار یہ ثابت کردیا ہے کہ شیوسینا ٹائیگر ہے اور کسی کو بھی ہمارے ساتھ ٹکر لینے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ یہ کامیابی عوام کی ہے جنھوں نے ہمیں ووٹ دیا اور یہ ہمارے پارٹی کارکنوں کی کامیابی ہے جنھوں نے ہم سے وفاداری نبھائی۔ مسلمانوں نے (ایم آئی ایم لیڈر اسدالدین) اویسی کو ہمیں کثیر تعداد میں ووٹ دیتے ہوئے جواب دیا ہے۔ ایم آئی ایم کو اُس کا مقام دکھادیا گیا ہے۔ نارائن رانے نے شکست کے باوجود کہاکہ اس کے لئے وہ خود ذمہ دار ہیں اور اُن کی پارٹی نے کامیابی کے لئے ممکنہ مدد کی۔