شیوسینا لیڈر کو سیل فون پر دھمکی

تھانے 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے سینئر لیڈر ایکناتھ شنڈے کو سیل فون پر موت کی دھمکیاں ملنے کے بعد پولیس نے ان کی سکیوریٹی بڑھادی ہے۔ تھانے کمشنریٹ کے ایک پولیس عہدیدار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ شیوسینا لیڈر کو موت کی دھمکی ملنے کے بعد علاقہ واگلے اسٹیٹ میں واقع ان کے مکان پر سکیوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع ایکتناھ شنڈے کو گزشتہ شام اُس وقت سیل فون پر دھمکی آمیز کال وصول ہوا تھا جب وہ ناگپور کے سرکاری بنگلہ میں تھے۔ یہاں پر مہاراشٹرا اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ نامعلوم شخص نے سیل فون پر نہ صرف بدکلامی کی بلکہ انھیں مار دینے کی دھمکی بھی دی۔ بعدازاں شنڈے نے ناگپور پولیس کمشنر سے شکایت درج کروائی۔ پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے۔