شیوسینا سے اتحاد کیلئے بی جے پی کی کوشش

ممبئی۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان شدید اختلافات کے باوجود بی جے پی نے آج اعلان کیا کہ وہ چار ہفتے پرانی حکومت میں شیوسینا کو شامل کرنے کے مسئلہ پر تازہ بات چیت کے لئے تیار ہے۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل سے ہم بی جے پی قائدین دھرمیندرا پردھان اور چندرکانت پاٹل کو شیوسینا قائدین سے بات چیت کے لئے مقرر کریں گے۔ بی جے پی اور شیوسینا ورکرس کا احساس ہے کہ دونوں پارٹیوں میں اتحاد ہونا چاہئے اور شیوسینا کو حکومت میں شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں علیحدہ مقابلہ کیا ہے لیکن اتحاد کی ہم بھرپور تائید کرتے ہیں۔ پردھان اور پاٹل کل سے شیوسینا قائدین کے ساتھ بات چیت شروع کریں گے۔ ان دونوں کو یہ بات چیت کامیاب بنانے کی مکمل اتھاریٹی دی گئی ہے۔لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنے والی شیوسینا کے صدر اودھو ٹھاکرے نے مرکزی حکومت میں پارٹی کو اہم قلمدان نہ دینے پر احتجاج کیا تھا۔