شین واٹسن سر پر گیند لگنے کے بعد پریکٹس چھوڑ کر چلے گئے

ملبورن۔ 23؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹسٹ سے قبل آسٹریلیا کو اُس وقت دھکا لگا، جب نیٹ پریکٹس کے دوران شین واٹسن کے سر پر گیند لگ گئی اور وہ نیٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ ملبورن میں ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران اُس وقت عجیب سی صورتحال پیدا ہوگئی، جب آل راؤنڈر شین واٹسن کی ہیلمٹ پر جیمز پیٹنسن کی گیند لگی۔ باؤنسر لگنے کے بعد وہ کچھ دیر تک ڈاکٹر کے ساتھ بیٹھے رہے اور پھر سیشن ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔ فاسٹ بولر میچل اسٹارک بھی گھٹنے پر گیند لگنے کی وجہ سے زخم کا شکار ہوگئے۔ گزشتہ ماہ آسٹریلیائی کھلاڑی فل ہیوز سر پر گیند لگنے کی وجہ سے فوت ہوگئے تھے جس کی وجہ سے آسٹریلیا اور ہندوستان کی سیریز کو تبدیل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے نائب کپتان براڈ ہاڈین نے کہا ہے کہ دونوں کھلاڑی اب خیریت سے ہیں اور بہتر محسوس کررہے ہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹسٹ 26 دسمبر کو ملبورن میں شروع ہورہا ہے۔