شین وارن 45 سال کے ہو گئے

سڈنی۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ میں لیگ اسپن کے فن کو جدت دینے والے آسٹریلیائی بولر شین وارن آج اپنی 45 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ لیگ اسپن پر بات ہو اور شین وارن کا ذکر نہ ہو ایسا ممکن ہی نہیں، دنیائے کرکٹ میں لیگ اسپن کو جلا دینے والے شین وارن نے 1992ء میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا اور جلد ہی ٹیم میں جگہ پکی کر گئے۔ 1993ء میں ہونے والی ایشیز سیریز میں وارن نے مائیکل گیٹنگ کو گھومتی گیند پر بولڈ کیا جو بال آف دی سنچری قرار پائی۔ لیگ اسپنر نے 1999ء کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو فاتح عالم بنانے میں اہم کردار ادا بھی کیا۔ وارن کے شاندار ونڈے کریر میں 293جبکہ ٹسٹ کریر میں 708 شکارہیں۔ وارن کی خدمات کو سراہتے ہوئے 2013ء میں آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔

اجمل پر پابندی کھیل کیلئے بہتر
: ڈارین لیہمن
ملبورن۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی دو طرفہ سیریز سے قبل کوچ ڈارین لیہمن نے کہا کہ سعید اجمل پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کا فیصلہ کھیل کے حق میں بہتر ہے۔ لیہمن متحدہ عرب امارات میں دو ٹسٹ میچ کے دوران اکتوبر میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیائی ٹیم کی قیادت کریں گے جہاں 3 ونڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل مقابلہ کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کھلاڑی اجمل پر پابندی عائد کئے جانے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے لیہمن نے کہا کہ آئی سی سی نے اس حوالے سے جو فیصلے کئے ہیں ، وہ کھیل اور کھلاڑیوں کے حق میں ایک بہتر فیصلہ تصور کیا جاسکتا ہے۔ ہمیں اس سے اس شعبہ میں ڈسپلین کو بنائے رکھنے کا سبق حاصل ہوگا۔