شین وارن آسٹریلین اسپنرس کو ٹریننگ دیں گے

ملبورن۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لیجنڈ آسٹریلیائی اسپنر شین وارن نے بطور اسپن کنسلٹنٹ کرکٹ آسٹریلیا سے معاہدہ کرلیا، وہ بنگلہ دیش میں منعقد شدنی آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اسپنرس کو تربیت دیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے وارن کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وارن دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ٹوئنٹی 20 اسکواڈ میں شمولیت اختیار کر کے ٹیم کوچ ڈیرن لیمین کی مدد کریں گے۔

ہندوستان نمبر ون مقام پر واپس
دوبئی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے آج آئی سی سی کی ونڈے درجہ بندی میں دوبارہ نمبر ایک مقام حاصل کرلیا ہے۔ چونکہ آسٹریلیا کو پرتھ میں انگلینڈ کے خلاف منعقدہ چوتھے ونڈے میں 57 رنز کی شکست ہوئی ہے جس کے بعد آسٹریلیائی ٹیم دوسرے مقام پر پہونچ گئی ہے۔ تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستان کو 117 نشانات جبکہ آسٹریلیا کو 116 نشانات حاصل ہوئے ہیں۔دریں اثناء ہندوستان کو اپنا پہلا مقام برقرار رکھنے کے لئے کل آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔