جوڑے نے بعد میں لاپتہ بیٹی کے ملنے کا دعویٰ کیا : سی بی آئی
ممبئی ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شینابورا قتل کیس میں گرفتار پیٹرمکرجی اور ان کی بیوی اندرانی مکرجی نے 2012ء میں ممبئی کے ایک سینئر پولیس افسر سے رجوع ہوکر شینابورا کے موبائیل فون کال کے مقام کی نشاندہی میں مدد کی درخواست کی تھی۔ جوائنٹ کمشنر پولیس (امن و قانون) دیوین بھارتی کے مطابق اس جوڑے نے ان سے ٹیلیفون پر بات کی تھی اور لاپتہ لڑکی کے موبائیل فون کی موجودگی کے مقام کا پتہ چلانے کی درخواست کی تھی، اس وقت دیوین بھارتی ایڈیشنل کمشنر (کرائم) تھے۔ بھارتی نے جو اس وقت کرائم برانچ کی قیادت کررہے تھے اور لاپتہ افراد کا پتہ چلانے والے نوڈل آفیسر بھی تھے۔ سی بی آئی ذرائع نے کہا کہ میڈیا ادارہ کے سابق سربراہ پیٹر سے پوچھ گچھ کے دوران اس حقیقت کا انکشاف ہوا۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہیکہ پیٹر اندرانی جوڑے نے بعد میں بھارتی کی طرف سے مقررہ تحقیقاتی پولیس افسر سے کہا تھا کہ اس واقعہ کی تحقیقات بند کردی جائیں کیونکہ لاپتہ لڑکی کا پتہ چل گیا ہے لیکن یہ سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں کہ اس افسر نے جوڑے کے دعویٰ کی توثیق اور لاپتہ لڑکی کے ملنے کا ثبوت دریافت کرنے کی کوشش کیوں نہیں کی۔ میڈیا کی سرکردہ شخصیت 59 سالہ پیٹرمکرجی سی بی آئی نے ان کی بیوی اندرانی کی ایک بیٹی شینابورا قتل کیس کی تحقیقات کے ضمن میں جمعرات کو گرفتار کیا تھا۔ ان پر قتل اور مجرمانہ سازش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔