نئی دہلی 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شیلا ڈکشٹ جو دہلی کی تین مرتبہ کی سابق چیف منسٹر ہیں، اُنھیں آج گورنر کیرالا مقرر کیا گیا جبکہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں اُن کی شکست کو بمشکل تین ماہ ہوئے ہیں۔ نہایت معتبر ذرائع نے آج رات کہاکہ اِس فیصلہ سے 75 سالہ شیلا کو واقف کرادیا گیا ہے جو نکھل کمار کی جانشین ہوں گی جو سابق دہلی پولیس کمشنر ہیں۔ سینئر کانگریس لیڈرشیلا ڈکشٹ نے آج صبح مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے سے ملاقات کی تھی اور اُنھیں گورنر کیرالا بنائے جانے کے فیصلہ سے واقف کرایا گیا۔ نکھل کمار مستعفی ہورہے ہیں اور توقع ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات بہار میں اورنگ آباد نشست سے لڑیں گے، جو اُنھوں نے 2004 ء میں جیتی تھی۔گزشتہ ڈسمبر کے دہلی اسمبلی چناؤ میں شیلا کو عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال کے مقابل نئی دہلی نشست سے کراری شکست ہوئی تھی۔