شیشہ و تیشہ

انور ؔمسعود
یادش بخیر!
گذرا ہوں اُس گلی سے تو پھر یاد آگیا
اُس کا وہ اِلتفات عجب اِلتفات تھا
رنگین ہوگیا تھا بہت ہی معاملہ
پھینکا جب اُس نے پھول تو گملا بھی ساتھ تھا
………………………
شاہدؔ عدیلی
کم بخت …!
وہ پڑھ کے پھونکتی جاتی ہے جسم پر میرے
بس اتنی بات ہے کچھ تیز ہے بخار مجھے
سرہانے پھول اگربتی بھی جلانے لگی
بناکے رکھ دیا کم بخت نے مزار مجھے
………………………
مومن خاں شوقؔ
جہیز کی لعنت
کہتی ہوں میں اپنی کہانی
بچپن بیتا آئی جوانی
پڑھ لکھ کر جب ہوئی سیانی
بات بڑھی … شادی تک پہنچی
لڑکے والوں نے چند شرطیں رکھیں
جوڑے کی وہ رقم نہ لیں گے
لیکن … ٹی وی ، فریج ، اسکوٹر ، کولر
واشنگ مشین اور اچھی دعوت بھی
دینی ہوگی …
میرے بابا ، جہیز میں یہ سب
کہاں سے دیتے، کیسے دیتے
کُنبہ بڑا اور آمدنی کم
اُس پر دُنیا بھر کے غم
تنہا، ویراں میری جوانی
رہی ادھوری میری کہانی
جہیز کی یہ لعنت کب تک
ناداروں پر آفت کب تک
اﷲ سے بس اتنی دُعا ہے
میری طرح کوئی بھی لڑکی
جہیز کی اس لعنت سے
رنجور نہ ہو، ناشاد نہ ہو
سوچیں ، سمجھیں ، غور کریں سب
اِس لعنت کو دُور کریں سب
………………………
کون چاہتا ہے ؟
٭  ایک پروفیسر صاحب شادی شدہ زندگی پر تقریر کررہے تھے ۔ دوران تقریر پروفیسر نے سوال کیا : ’’کون چاہتا ہے کہ اُس کی بیوی چالاک ہوجائے ؟‘‘
سب بیٹھے رہے صرف ایک صاحب کھڑے ہوئے ۔
پروفیسر صاحب نے پوچھا : کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی بیوی چالاک ہوجائے ؟
وہ صاحب مایوسی سے : چالاک …؟ نہیں ! نہیں !! میں سمجھا ’’ہلاک ‘‘ ہوجائے !!
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پدا پلی ، کریمنگر
………………………
دو راستے …!!
٭  ہوائی جہاز کے سفر میں ائر ہوسٹس نے ایک مسافر کو بتایا۔ اگر آپ خاتون مسافروں کو تنگ نہ کریں تو سگار پی سکتے ہیں۔
مسافر نے خوش ہو کر کہا : مجھے پتہ نہیں تھا کہ میرے لیئے دو راستے کھلے ہیں۔ ایسی صورت میں سگار پینا بھلا کون پسند کرے گا۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
شادی سے پہلے …!
مینا شرما اپنی سہیلی ٹینا شرما سے : روز ڈے ، چاکلیٹ ڈے ، ٹیڈی بیر ڈے ، ہگ ڈے اور ویلنٹائن ڈے یہ سب شادی سے پہلے کے چونچلے ہیں۔
ٹینا شرما :  وہ کیسے ؟
مینا شرما : شادی کے بعد تو صرف چائے دے، ٹفن دے ، رومال دے ، موزے دے ہی ہوتا ہے ۔
مبشرسید ۔ چنچلگوڑہ
………………………
گُلہائے عقیدت …!
٭  آپریشن تھیٹرمیں میز کے قریب پھولوں کے ہار کو دیکھ کر مریض نے ڈاکٹر سے پوچھا یہ کس لئے رکھے ہیں ؟
ڈاکٹر نے جواب دیا ’’یہ میرا پہلا آپریشن ہے اگر کامیاب ہوا تو میرے لئے اور اگر فیل ہوگیا تو تمہارے لئے …!!
………………………
زخم کی وجہ …؟
٭  ایک نوجوان کالج آیا تو سر پر ایک بہت بڑا گومڑا دیکھ کر دوستوں نے وجہ پوچھی تو بولا راستہ میں ایک لڑکی کو چھیڑا تو اُس نے اوپر سے پھول پھینکا …!
ساتھیوں نے پوچھا ، پھول سے اتنا بڑا زخم کیسے آیا تو نوجوان اُداسی سے بولا ’’پھول گملے میں تھا …!!‘‘
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………