شیشہ و تیشہ

انورؔ مسعود
خروسِ بے خروش
اے راہرو گزرتی ہوئی ویگنوں میں دیکھ
انساں کی با وقاریاں با اختیاریاں
کیا اِس میں جُھوٹ ہے کہ اِسی ایک رُوٹ پر
مْرغا بنی ہوئی ہیں ہزاروں سواریاں
……………………………
فرید سحرؔ
غزل (طنز و مزاح)
ہائے رے قسمت یہ اپنی کیسا لفڑا ہوگیا
عشق جس لڑکی سے کرتے تھے وہ لڑکا ہوگیا
کونسلر کیا بن گیا ہے دوستو سالا مرا
ایک چوہے جیسا تھا وہ اب تو گینڈا ہوگیا
خود کو سب سے خوبصورت ہینڈسم کہتا ہوں میں
اسکرو شائد مرے بھیجے کا ڈھیلا ہوگیا
فون پر مِس کال دو اک آگئے جو دوستو
آج پھر بیگم سے میری گھر میں جھگڑا ہوگیا
شاعروں کو ہاتھ دے کر گھر چلاتا ہوں میں اب
شعر کی محفل سجانا میرا دھندا ہوگیا
درد کا عالم نہ پوچھو پیٹ میں کل رات کو
راز اک جیسے ہی اُگلا پیٹ ہلکا ہوگیا
زندگی جس نے گذاری لینے میں رشوت فقط
ہوگئی اس کو شُوگر اور فیل گردہ ہوگیا
گالیاں جی بھر کے اس نے مجھ کو دیں جو نثر میں
ایک مصرعہ ہی مرا نہلے پہ دہلا ہوگیا
کالے شوہر گوری بیوی کو جو دیکھا تو لگا
دودھ پیڑھے پر فِدا جیسے مکوڑا ہوگیا
یہ سیاست بھی میاں اک کھیل ہے گندہ بہت
سخت اب میرا مخالف میرا بیٹا ہوگیا
خون دے کر جان جس کی کل بچایا تھا سحرؔ آج میرے خون کا دیکھو وہ پیاسا ہوگیا
………………………
دلچسپ جوابات
٭ کیا بازار میں درد دل کی دوا ملتی ہے ؟
# نہیں نیا دل ضرور مل جاتا ہے !
٭ کیا دیواروں کے بھی کان ہوتے ہیں ؟
# نہیں ! پڑوسیوں کے کان ضرور دیوار کے ساتھ لگے ہوتے ہیں !
٭ اگر عقل بازار میں ملنے لگے ؟
# تو لوگ اس پر ’’میڈ ان امریکہ‘‘ کی مہر ضرور دیکھیں گے ۔
٭ صورت اور سیرت میں کون سی چیز اہم ہے ؟
# جہیز صورت اور سیرت کو نمایاں کردیتا ہے !
٭ عورت کا اصل روپ کب سامنے آتا ہے ؟
# میک اپ اترجانے کے بعد !
مبشر سید ۔ چنچل گوڑہ
…………………………
لعنت تیری مثال پر…!
کسٹمر بینکر سے : اگر میں آج چیک جمع کرواتا ہوں تو کب تک کلیئر ہوجائیگا؟
بینکر : جناب 2-3 دن لگیں گے ۔
کسٹمر : دونوں بینک آمنے سامنے ہے پھر اتنے دن کیوں لگیں گے ؟
بینکر : جناب پروسیجر(طریقہ ) تو فالو کرنا پڑتا ہے ۔ مثال کے طور پر اب جیسے اگر آپ قبرستان کے باہر حادثہ میں مرجاتے ہیں تو پہلے آپ کو گھر لے کر جائیں گے ، غسل دیں گے، کفن پہنائیں گے ، نماز جنازہ پڑھائیں گے یا وہیں مرتے ہی آپ کو دفنا تو نہیں دیں گے ؟
کسٹمر : لعنت تیری مثال پر منحوس کہیں کا…!
سلطان قمرالدین خسرو ۔ مہدی پٹنم
………………………
ماڈل…!
٭ ایک آدمی اپنے دوست سے : ’’نکاح کرنے کے بعد اور موبائل لینے کے بعد ایک ہی بات کا افسوس ہوتا ہے ، کاش تھوڑے دن اور انتظار کرلیتے تو اس سے اچھا ماڈل مل جاتا …!!‘‘۔
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی ، کریمنگر
………………………
قانون کے خلاف!
٭ ایک عدالت میں سرکاری وکیل نے کہا :
مائی لارڈ : ملزم پر الزام ہے کہ اُس نے اپنی بیوی کو چڑیا گھر(Zoo) کے گہرے تالاب میں دھکا دے کر گرادیا جس کی وجہ سے بیوی کو مگرمچھ کھا گیا۔
جج نے گرج کر کہا : کیا ! ملزم یہ بات نہیں جانتا تھا کے چڑیا گھر (Zoo) میں جانوروں کو کچھ کھلانا قانون کے خلاف اور منع ہے ۔
عبدالقدوس ، وسیم راجہ ۔ گلبرگہ شریف
………………………