فرید سحرؔ
غزل ( طنز و مزاح)
اُف یہ کیسی ہے حکومت دوستو
جان پر گویا ہے آفت دوستو
درد جنتا کا سمجھتی ہی نہیں
کتنی بے حس ہے حکومت دوستو
کتنے ارمانوں سے چُن کے لائے تھے
ووٹروں کو ہے ندامت دوستو
شوق ہے جنتا کی خدمت کا اُسے
پر ہے بیوی سے عداوت دوستو
اک منٹ میں لکھ پتی بن جاؤں گا
گر ملے مجھ کو وزارت دوستو
جھوٹ کی چاندی ہے اب تو ہر طرف
ہوگئی عنقا صداقت دوستو
پیار ، اُلفت خواب بن کر رہ گئے
دیش میں پھیلی ہے نفرت دوستو
عقد کی خواہش ہوئی پوری مگر
گُھس گئی گھر میں مصیبت دوستو
لب پہ نعرہ ’’سوچھ بھارت‘‘ کا ہے پر
دل میں ہے کتنی غلاظت دوستو
داغ ہیں دامن پہ جن کے اے سحرؔ
اب وہ کرتے ہیں نصیحت دوستو
………………………
چھ نکاتی خواب !
٭ آج کے نوجوانوں کا چھ نکاتی خواب !
تنخواہ 6 فگر میں ہو ،
ہفتے میں 5 دن کام پر جانا ہو ،
شاندار 4WD گاڑی ہو ،
3 بیڈروم کا گھر ہو ،
2 خوبصورت سے بچے ہوں ، اور 1 عدد گونگی بہری بیوی ہو جو دیکھنے میں کترینہ اور کام کرنے میں ماسی سکینہ ہو۔
امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی
………………………
بہت نزدیک ہوکر بھی …!
٭ ایک اردو کے استاد نے کلاس میں سبق لیتے ہوئے ایک غزل کا شعر سنایا اور بچوں سے اس کی تشریح کرنے کیلئے کہا وہ شعر کچھ یوں تھا ؎
بہت نزدیک ہو کر بھی ، وہ اتنا دور ہے مجھ سے
اشارہ ہو نہیں سکتا ، پکارا جا نہیں سکتا
ایک طالب علم نے کہا کہ شاعر امتحان کے دنوں کا حال بیان کررہا ہے ۔
استاد نے کہا اس کی تشریح کرو ۔
طالب علم نے تشریح کرتے ہوئے کہا : ’’شاعر امتحان دے رہا ہے لیکن کسی طرح بھی اسے نقل کا موقع نہیں مل پا رہا ہے ‘‘۔
ابن القمرین
………………………
پائلیٹ …!
٭ ایک عورت نوکری کیلئے انٹرویو دینے گئی۔ انٹرویو لینے والے نے پوچھا : ’’اب آپ کیا کررہی ہیں ؟ ‘‘
عورت بولی : ’’میں پائلیٹ ! ہوں ‘‘۔
انٹرویو لینے والا بڑی حیرت سے اُسے دیکھتے ہوئے بولا : اب آپ کیا اُڑا رہی ہیں ؟
عورت : میرے شوہر کے پیسے !
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر
………………………
کچھ زیادہ نہیں ہے؟
٭ ایک اخبار کے دفتر میں پہنچ کر ایک صاحب نے تلاش گمشدہ کا اشتہار دیا ۔ انھوں نے اپنی بیوی کے گمشدہ پالتو کتے کو تلاش کرنے پر ایک لاکھ روپئے انعام کا اعلان کیا ۔
اشتہار بک کرنے والے کلرک نے قدرے حیرت سے کہا …
’’انعام کچھ زیادہ نہیں ہے ؟ ‘‘
’’اس کتے کے لئے زیادہ نہیں ہے ۔ اس لئے کہ میں خود جاکر اسے سمندر میں ڈبویا ہے ‘‘۔ شوہر نے شرارت سے جواب دیا۔
نظیر سہروردی۔ حیدرآباد
………………………
مہلک حادثہ …!
٭ ایک امریکی عورت کے سامنے ایک انشورنس ایجنٹ نے اپنا تعارف کرائے بغیر ہی مطلب کی بات پر آتے ہوئے کہا آپ کو اپنے شوہر کے لئے پالیسی جلد سے جلد لینی چاہئے ممکن ہے وہ کسی دن ایک مہلک حادثے سے دوچار ہوجائیں ۔
عورت نے پوچھا یہ بتائیے کہ مجھے کتنی رقم دینی ہوگی ؟
انشورنس ایجنٹ نے دریافت کیا انشورنس پالیسی کے لئے ؟
عورت نے جواب دیا نہیں ! مہلک حادثے کے لئے …!!
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
………………………