شیشہ و تیشہ

انورؔ مسعود
انتظارِ ساگر کھینچ
گھر میں ٹونٹی ہے اِک کمیٹی کی
جس کے نیچے دھرا ہے ایک گھڑا
اور بہلا رہے ہیں روزہ ہم
’’قطرہ قطرہ بہم شود دریا‘‘
……………………………
شوقؔ انصاری
پُروف ہے …!
بااثر بے حیا ندامت پروف ہے
بے خطر لُوٹتا ہے ندامت پروف ہے
ہاتھ منہ دھوکر آگیا ہے اسٹیج پر
شرم سے ماورا ہے ، ندامت پروف ہے
اس شرافت نما بدمعاشی کا کیا علاج
ساختہ پارسا ہے ، ندامت پروف ہے
مرسلہ : امتیاز علی نصرتؔ۔ پداپلی
………………………
کس لئے …!
٭  ایک صاحب ایک محفل میں بڑی بڑی گپیں مار رہے تھے کہ گھر میں میرا ہی حکم چلتا ہے ۔ میں بیگم سے کہتا ہوں گرم پانی لاؤ تو فوراً لے آتی ہے ۔
ایک آدمی نے پوچھا ، گرم پانی کس لئے ؟
تو انھوں نے جواب دیا : ’’برتن دھونے کیلئے‘‘
سید شمس الدین مغربی ۔ریڈہلز
………………………
چھت پر …!
بیوی : سُنو جی ! امی گھر آئی تھیں ، جلدی میں تھیں اس لئے تھوڑی دیر بیٹھ کر چلی گئیں آپ کو سلام و دعا بولی ہیں ۔
شوہر : اچھا … وعلیکم السلام … کھانے کیلئے امی کو پوچھے تھے یا نہیں ، ویسے بھی میں گھر میں نہیں رہے جب آپ کے اماں باوا یا رشتہ دار کھانا کھاکر ہی جاتے ہیں…! خیر جس کا رزق جہاں لکھا ہوگا وہاں کھاکر جائے گا لیکن یہ بتاؤ ہمارے گھر کی چھت پر آپ کی امی چڑھے تھے کیا ؟
بیوی : ہاں جی ! اُوپر جاتے جب دیکھی تھی ، کیا ہوا … ؟
شوہر : نیچے کے گھر والے اپنے گھر کی چھت پر مرکل سوکھنے ڈالے تھے اب لینے گئے تو تھوڑے ہی ہیں آدھے سے زیادہ چوری ہوگئے ۔ وہ لوگ غصہ میں آرہے ہیں ۔
بیوی : ارے ایسا کیسے ہوا ؟
شوہر : ایسا ہی ہوا ، وہ تو اچھا ہوا نیچے والے مرکل کیلئے اتنا ہنگامہ کررہے ہیں اگر کباب ہوتا تو کیا کرتے تھے کی …!!
محمد فیصح الدین ۔ کاماریڈی
………………………
لمبا سفر …!!
٭  ایک آدمی ریل گاڑی میں سفر کررہا تھا جب بھی گاڑی رُکتی وہ آدمی جلدی سے اُترتا اور اگلے اسٹیشن تک کا ٹکٹ خرید لاتا ۔
آخر ایک مسافر نے پوچھا
’’یہ آپ کیا کررہے ہیں ؟‘‘
اُس آدمی نے جواب دیا ’’ڈاکٹر نے مجھے لمبا سفر کرنے سے منع کیا ہے ‘‘۔
سید عفیف الدین عفان۔ راجیونگر
………………………
خوشخبری …!
٭  ایک عصری ٹکنالوجی سے لیس ترقی یافتہ حکومت نے اعلان کیا کہ شہر کی ہر گلی کوچہ میں اتنے حساس سی سی کیمرے نصب کئے جائیں گے جوکہ سڑک پر رینگنے والے چیونٹے اور چیونٹی کا فرق بھی بتاسکیں گے ۔ اور رعایتی قیمت پر شکی بیویوں کو یہ سہولت فراہم کی جائیگی کہ وہ گھر بیٹھے کمپیوٹر پر اُس گلی کا نام ٹائپ کرکے جانچ لیں کہ اُن کے شوہر وہاں موجود ہے یا نہیں جہاں پر ’’ہے کہہ کر ‘‘ اُس نے فون کیا تھا اور کیا ساتھ میں کوئی دوسری چیونٹی تو نہیں ہے …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
………………………
خیر تم کم از کم …!
٭  ہیروئین اور اس کے شوہر کا شادی کے بعد پہلا جھگڑا تھا ، دونوں نے ایک دوسرے کو خوب بُڑا بھلا کہا اور ایک دوسرے پر چیختے چلاتے رہے بالآخر شوہر نے کہہ ہی دیا کہ ایسی لڑاکا عورت سے شادی کرکے اُس نے غلطی کی ہے !
ہیروئین نے تنک کر کہا خیر تم کم از کم یہ تو نہیں کہہ سکتے میں تمہارے پیچھے دوڑتی رہی تھی ۔
شوہر نے جواب دیا یہ درست ہے کہ تم پیچھے نہیں دوڑ رہی تھیں ! چوہے دان بھی چوہے کے پیچھے نہیں دوڑتا مگر اسے پکڑ ہی لیتا ہے !
ایم اے وحید رومانی ۔ نظام آباد
………………………